وزیراعظم عمران خان کا کرونا ٹیسٹ مثبت: مراد سعید، محمود خان سمیت دیگر کئی وزرا ٹیسٹ کرائیں گے

وزیراعظم عمران خان کا کرونا ٹیسٹ مثبت: مراد سعید، محمود خان سمیت دیگر کئی وزرا ٹیسٹ کرائیں گے
وزیراعظم عمران خان میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ وہ دو روز قبل ہی ویکسین کی پہلی ڈوز لے چکے تھے۔ لیکن اس دوران وہ کئی افراد کو ملتے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے جمعرات کو ویکسین لگوائی اور پھر اسی دن اسلام آباد میں ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح بھی کیا جس میں زلفی بخاری کے علاوہ پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے حکام بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔


اس کے بعد وزیراعظم نے کویت کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی جس میں ان کے ساتھ دستاویزات کا بھی تبادلہ بھی ہوا۔

اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز سوات موٹر وے کا دورہ بھی کیا تھا اور اس موقع پر وزیر مواصلات مراد سعید اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان بھی موجود تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیرا علیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید سمیت معاون خصوصی کرونا ٹیسٹ کرائیں گے جبکہ وزیرا عظم سے ملاقاتیں کرنے والے وزراء اور افراد بھی اپنا کرونا ٹیسٹ کرائیں گے۔


ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی آئندہ ہفتے کی مصروفیات ان کی صحت دیکھ کر طے کی جائیں گی، وزیراعظم اجلاسوں کی صدارت اور دیگر میٹنگز ویڈیو لنک سے کر سکتے ہیں۔

جبکہ  وزیر اعظم کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ملازمین کا کرونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا، پرنسپل سیکرٹری اعظم خان، ملٹری سیکرٹری سمیت تمام ملازمین کے کرونا ٹیسٹ کیے جائیں گے