امریکی شہر فلاڈیلفیا میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں چلتی ٹرین میں ایک خاتون کو ریپ کا نشانہ بنایا گیا۔ ٹرین میں سوار دیگر مسافر ملزم کو روکنے کی بجائے اس سارے عمل کی ویڈیو بناتے رہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ گذشتہ ہفتے پیش آیا تھا۔ اس معاملے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جو قانونی کارروائی کا سامنا کر رہا ہے۔ سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ ٹرین پر سوار دیگر مسافر یہ سب کچھ ہوتا دیکھتے رہے لیکن کوئی خاتون کی مدد کو آگے نہیں بڑھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹرین پر موجود دیگر مسافروں میں سے کوئی بھی مدد کیلئے 911 پر فون کر دیتا تو اسے روکا جا سکتا تھا۔
خیال رہے کہ ٹرین سروس کے ایک ملازم نے پولیس کو اس واقعے کی اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے متاثرہ خاتون کو تلاش کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔ متاثرہ خاتون اب ہسپتال میں ہے اور تفتیش میں تعاون کر رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کو ریپ کا نشانہ بنانے والے ملزم کی شناخت فشٹن نگوئی کے نام سے ہوئی ہے۔ 35 سالہ ملزم کیخلاف جنسی زیادتی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کی جانب سے اس واقعے کی تفصیلات اور ملزم کی گرفتاری بارے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ چلتی ٹرین میں یہ سارا واقعہ تقریباً 40 منٹوں تک جاری رہا لیکن کسی میں اس ظلم وزیاتی کو روکنے کی ہمت نہیں ہوئی۔