بہاء الدین زکریا ایکسپریس میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کیس میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزموں نے اس افسوسناک واقعے کی ویڈیو بھی بنائی تھی۔
یہ انکشاف پولیس نے عدالت کے روبرو کیس کی سماعت کے دوران کیا۔ کراچی کی مقامی عدالت میں آج اس کیس کی سماعت ہوئی۔ پولیس کی جانب سے گرفتار ملزموں کو عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔
اجتماعی زیادتی کیس کے تفتیشی افسر کا عدالت کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ملزموں کی وردیاں اور ان کے موبائل فونز بھی برآمد کرنے ہیں کیونکہ انہوں نے خاتون کو ریپ کا نشانہ بنانے کے دوران اس کی ویڈیو بھی بنائی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزموں نے گذشتہ ماہ 28 مئی کو ملتان سے کراچی آنے والی خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا تھا۔ ان کیخلاف کراچی سٹی ریلوے تھانے میں کیس درج ہے۔ متاثرہ خاتون ان میں سے 2 ملزموں کو شناخت بھی کر چکی ہے۔
بعد ازاں عدالت نے کیس میں گرفتار پانچوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں دو دن کی توسیع کر دی۔ ٹرین عملے کے گرفتار ملزموں میں محمد زاہد، عاقب منیر، ذوہیب، عامر رضا اور عبدالحفیظ شامل ہیں۔
ٹیگز: Crime, gang-rape, pakistan, Pakistan Railway, Train Rape case, پاکستان, ٹرین ریپ کیس, جرم وسزا, کرائم