بھارتی ریاست مہارا شٹر کے دارالحکومت اور ملک کے کاروباری، میڈیا و فلم انڈسٹری کے مرکز سمجھے جانے والے شہر ممبئی میں کم از کم 53 صحافیوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ بھارت میں پہلے بھی کم از کم 3 صحافیوں کے کرونا سے متاثر ہونے کی خبریں تھیں، تاہم ممبئی میں 18 اپریل تک کسی بھی صحافی میں کرونا کی تشخیص نہیں ہوئی تھی، تاہم بعد ازاں حکومت نے 19 اپریل کو درجنوں صحافیوں کے ٹیسٹ کرائے۔
خبر رساں ادارے اناطولو کے مطابق ممبئی کی مقامی انتظامیہ نے 167 صحافیوں کے کرونا کے ٹیسٹ کروائے جن میں سے 53 صحافیوں میں کرونا کی تشخیص ہوئی۔ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے مطابق ہر تیسرے صحافی میں کرونا کی تشخیص ہوئی اور امکان ہے کہ کرونا سے متاثرہ صحافیوں کی تعداد مزید بڑھے گی۔
مرکزی وزارت صحت کے جوائنٹ سیکریٹری لوو اگروال نے اتنی بڑی تعداد میں صحافیوں کے کرونا سے شکار ہونے کو تشویش ناک اور بدقسمتی قرار دیتے ہوئے صحافیوں کو ہدایات کیں کہ وہ بھی گھروں تک محدود رہیں۔
لوو اگروال نے اناطولو کو بتایا کہ ابھی تک ممبئی کے کچھ ہی صحافیوں کے ٹیسٹ کیے گئے جو زیادہ تر باہر جاتے رہتے تھے، تاہم 53 صحافیوں میں تشخیص کے بعد مزید صحافیوں کے ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عین ممکن ہے کہ دیگر صحافیوں میں بھی کرونا کی تشخیص ہو، کیوں کہ جو صحافی کرونا کا شکار ہوئے، وہ اپنے کئی ساتھیوں سے ملتے رہے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جن 53 صحافیوں میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے ان میں سے زیادہ تر ٹی وی چینل کے رپورٹرز تھے، تاہم فوٹوگرافرز اور اخباری صحافیوں سمیت دفاتر میں کام کرنے والے صحافیوں میں بھی کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
ممبئی پریس کلب نے بھی صحافیوں میں کرونا کی تشخیص کے بعد حفاظتی انتظامات کو سخت کرتے ہوئے صحافیوں کو گھروں تک محدود رہنے کی درخواست کی ہے۔
خیال رہے کہ بھارت میں 21 اپریل کی صبح تک کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 19 ہزار کے قریب جب کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 600 کے قریب جا پہنچی تھی۔