جو بائیڈن نے عہدہ سنبھالتے ہی مسلمانوں پر عائد سفری پابندی ختم کردی

جو بائیڈن نے عہدہ سنبھالتے ہی مسلمانوں پر عائد سفری پابندی ختم کردی
امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد پہلے حکم میں کچھ مسلم اور افریقی ممالک پر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عائد کردہ سفری پابندیاں ختم کردیں۔

جو بائیڈن حلف برداری کی تقریب کے بعد آرلنگٹن میں نامعلوم سپاہی کی قبر پر پھول رکھ کر اور پریڈ کا معائنہ کرنے کے بعد سہ پہر کو وائٹ ہاؤس پہنچے۔

دفتر پہنچتے ساتھ ہی انہوں نے سب سے پہلے حکم ناموں پر دستخط کیے جس نے ڈونلڈ ٹرمپ کے عالمی وبا کے ردِ عمل پر جھاڑو پھیر دی اور ماحولیاتی ایجنڈے اور پناہ گزین مخالف پالیسیز کوپلٹ دیا۔

انہوں نے امریکی معیشت کو ترقی دینے اور ملک میں نسلی اور مذہبی تنوع کے فروغ کے اقدامات بھی اٹھائے۔

اوول آفس سے جو بائیڈن نے 17 حکم ناموں، یادداشتوں اور اعلانات پر دستط کیے جس میں پیرس ماحولیاتی معاہدے میں دوبارہ شمولیت , میکسیکو بارڈر کی تعمیر کو روکنے سمیت اور مسلمانوں پر لگائی پابندیوں کا خاتمہ شامل تھ۔ا

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اوول آفس میں بدھ کی سہ پہر مختلف اقدامات پر دستخط کرتے ہوئے جو بائیڈن نے کہا کہ حکم نامے، اور ہدایات جاری کرنے کے لیے 'وقت ضائع نہیں کرسکتے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'میں جن صدارتی حکم ناموں پر دستخط کروں گا ان میں سے کچھ کووِڈ 19 بحران کو تبدیل کرنے میں مدد کرنے والے ہیں، ہم ماحولیاتی تبدیلیوں کا اس طریقے سے مقابلہ کریں گے جیسے اب تک نہیں کیا اور نسلی مساوات کو فروغ دینے کے ساتھ پسماندہ طبقات کی حمایت کریں گے، یہ سب ابتدائی نکات ہیں۔

مشیروں کا کہنا تھا کہ ڈیموکریٹ صدر نے جن اقدامات پر دستخط کیے ان میں وفاقی املاک پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا، کورونا وائرس کے ردِ عمل میں تعاون کے لیے وائٹ ہاؤس میں نئے دفتر کا قیام اور عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) سے علیحدگی کا عمل روکنا شامل ہے۔