Get Alerts

چینی سفیر کی آرمی چیف سے ملاقات، دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال

پاکستان میں تعینات چینی سفیر یائو جنگ نے بری افواج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے جس میں خطے میں سکیورٹی کی صورت حال اور دوطرفہ دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے ملاقات سے متعلق جاری کیے گئے مختصر اعلامیے میں کہا ہے، پاکستان میں تعینات چینی سفیر یائو جنگ نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے، ملاقات میں خطے کی سکیورٹی صورت حال سمیت دوطرفہ دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ آرمی چیف اور چینی سفیر کے درمیان ملاقات ایک ایسے وقت پر ہوئی ہے جب آئندہ چند روز میں چین کے نائب صدر وانگ قشن پاکستان کے دورے پر آ رہے ہیں۔

پاکستان اور چین علاقائی معاملات پر ایک دوسرے سے تعاون کرتے ہیں اور افغان امن عمل میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ افغانستان میں جاری امن عمل میں پیشرفت ہوئی ہے جب کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورت حال بھی دونوں ملکوں کے لیے باعث تشویش ہے۔

دریں اثنا، بلوچستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور بالخصوص گوادر کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر چین گہری تشویش کا شکار ہے جو پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا اہم ترین حصہ ہے۔

یاد رہے کہ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گنیف شوانگ نے حملے کے بعد کہا تھا، ہم ان حملوں کی سخت مذمت کرتے ہیں اور گوادر میں امن و استحکام کو مضبوط بنانے اور چینی اہلکاروں اور اداروں کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کرنے کے علاوہ دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی کرنے پر پاکستانی سکیورٹی فورسز کے شکرگزار ہیں۔

انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ہم یہ تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستانی حکومت اور فوج قومی سلامتی اور سکیورٹی بہتر بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔