پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم متحد ہے، تمام کھلاڑی محنت کر رہے ہیں۔ ہم ورلڈ کپ کے پہلے میچ سے جیت کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔
پی سی بی کے ٹویٹر اکائونٹ سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ کام کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ میں کبھی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ مجھے پاکستانی کھلاڑیوں کیساتھ کام کرنے کا موقع ملے گا، اس پر میں بے حد خوش ہوں۔
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سب سے بڑے ٹاکرے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کا جذبہ بلند، کھلاڑی پرجوش اور متحد ہیں۔ کرکٹ کا تجربہ نوجوان کھلاڑیوں کو منتقل کرنا اعزاز ہے۔
میتھیو ہیڈن نے کہا کہ پاکستانی ٹیم اگر بھارت کو 170 رنز کا ہدف دیتی ہے تو یہ کافی ہوگا کیونکہ اس کو حاصل کرنے کیلئے انڈین کھلاڑیوں پر بہت دبائو ہوگا۔
https://twitter.com/TheRealPCB/status/1451163092281344013?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1451163092281344013%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Fdunya.com.pk%2Findex.php%2Fdunya-headline%2FHeadLineRoznama%2F625130_1
تاہم انہوں نے مزید کہا کہ انڈیا ٹی ٹونٹی کی ایک مضبوط ٹیم ہے، رشبھ پنت مڈل آرڈر میں خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس بابر اعظم اور محمد رضوان جیسے بہترین اوپننگ بلے باز موجود ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ بھارت کیخلاف اس اہم میچ کے دوران پاور پلے کو اچھے طریقے سے استعمال کیا جائے۔ شاہین شاہ آفریدی کا بھی کلیدی کردار ہوگا، ان کے کاندھوں پر بائولنگ کی بھاری ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم وارم اپ میچوں میں ویسٹ انڈیز کیخلاف کامیابی جبکہ جنوبی افریقا کے خلاف شکست کھا چکی ہے۔
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء کا پہلا مرحلہ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے جس کے بعد سپر 12 کا مرحلہ شروع ہوگا۔
قومی ٹیم اپنا پہلا میچ روایتی حریف انڈیا کیخلاف 24 اکتوبر بروز اتوار کو کھیلے گی۔ اس مقابلے سے پہلے ہی دونوں ملکوں کے شائقین کرکٹ کے درمیان تناؤ کا ماحول بھی پیدا ہو چکا ہے۔