قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، امریکا میں سابق پاکستانی سفیر اسد مجید بھی طلب

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، امریکا میں سابق پاکستانی سفیر اسد مجید بھی طلب
وزیرا عظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہو گا۔

ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس دوپہر 2 بجے طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں مسلح افواج کے سربراہان اور وفاقی وزراء شریک ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا میں سابق سفیر اسد مجید خان کو بھی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں طلب کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں امریکی مراسلے اور مبینہ سازش کے الزامات کے حوالے سے بریفنگ لی جائے گی، اسد مجید مبینہ مراسلے کے معاملے پر حقائق سےکمیٹی کو بریف کریں گے۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 27 مارچ کو اسلام آباد میں جلسے کے دوران ایک خط لہرا کر دکھاتے ہوئے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کی حکومت کو گرانے کی سازش ایک بہت ہی طاقتور ملک کی جانب سے کی گئی۔

بعد ازاں اس معاملے پر دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں تعینات امریکی ناظم الامور سے احتجاج کرتے ہوئے ڈی مارش بھی جاری کیا تھا۔

عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے کامیاب ہونے کے بعد منتخب ہونے والے وزیراعظم شہباز شریف نے پہلی ہی تقریر میں قومی اسمبلی میں مبینہ دھمکی آمیز خط کی تحقیقات کے لیے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا اعلان کیا تھا۔