پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے مشہور فنکار و پروڈیوسر سید ساجد حسن کی سیاست میدان میں انٹری ہوئی ہے۔ ساجد حسن نے استحکام پاکستان پارٹی میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلی۔
معروف اداکار اور ٹی وی اینکر ساجد حسن نے جہانگیر ترین اور علیم خان کے نظریات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آئی پی پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ اداکار ساجد حسن کی اتوار کو اس سلسلے میں سابق رکن قومی اسمبلی اور آئی پی پی کے صوبائی صدر محمود مولوی سے ان کی ملاقات ہوئی۔
آئی پی پی سندھ چیپٹر کے صدر محمود مولوی نے ساجد حسن کو پارٹی پرچم مفلر پہنایا۔ محمود مولوی نے ساجد حسن کو پارٹی میں خوش آمدید کہا۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
اس موقع پر ساجد حسن کا کہنا تھا کہ مجھے بہت عزت بخشی گئی۔ آئی پی پی میں آکر مجھے بہت خوشی ہورہی ہے۔پاکستان کی تعمیر و ترقی میں سب کو اپنا حصہ ملانا ہوگا۔ کوشش ہوگی کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کروں۔
ساجد حسن کا کہنا تھا کہ انہوں نے کچھ دوستوں سے مشاورت کے بعد استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تبدیلی اچھی ہو تو اچھی لگتی ہے اور بری ہو تو بہت بری لگتی ہے۔ ملک کی تعمیر اور ترقی کے لیے سب کے مل کر کام کرنا ہوگا۔عوام کے بے شمار مسائل ہیں اور ان کے حل کے سب کو اپنے اپنے حصے کا کام کرنا ہوگا۔
انہوں نےمزید کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں عوام عام انتخابات سے امید لگائے بیٹھے ہیں۔ عام انتخابات میں عوام جس کے بھی حق میں فیصلہ دے اسے عوام کی خدمت کرنی چاہیے اور ان کے بنیادی مسائل حل کرنا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ جھگڑا کسی سے نہیں چاہتے۔جس نے بھی پاکستان کیلئے کام کیا اسے سلام پیش کرتا ہوں۔ سب سے گزارش ہے کہ اچھائیوں کو دیکھیں بھائی چارے سے آگے بڑھیں۔ملک کر پیار سے آگے لے کر چلیں۔
اس موقع پرمحمود مولوی کا کہنا تھا کہ ساجد حسن ہماری شوبزکا چمکتا ستارہ ہے۔ ان کی آئی پی پی میں شمولیت کےبعد دیگر فنکار بھی ہماری پارٹی میں شامل ہوں گے۔