Get Alerts

'پاک فوج کیلئے جب کوئی کام کہا نواز شریف نے پورا کیا، ہمیشہ میری عزت کی: آرمی چیف'

'پاک فوج کیلئے جب کوئی کام کہا نواز شریف نے پورا کیا، ہمیشہ میری عزت کی: آرمی چیف'
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کے سربراہ آرمی چيف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مجھے بتایا کہ نواز شريف نے ہميشہ ان کی عزت کی۔

یہ بڑا انکشاف انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ بات میں گھڑ کر نہیں کہہ رہا، یہ بات خود آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فیٹف سمیت مختلف اجلاسوں میں سب کے سامنے بتائی اور کہی۔ آرمی چیف نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ میری عزت کی اور پاک فوج کے لئے جب بھی کوئی کام ان سے کہا، اسے انہوں نے پورا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری ڈکشنری میں انتقام کا لفظ نہیں ہے۔ عمران خان کی ایک رکن قومی اسمبلی نے افواج پاکستان کے خلاف زہرافشانی کی ہے۔ اس کے علاوہ عمران خان نے کود جو کچھ پاک فوج کے بارے میں کہا اور گھٹیا زبان استعمال کی وہ نہیں بیان کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ان رازوں سے جلد پردہ اٹھے گا کہ کس طرح درد دل سے نواز شریف نے ملک کی خدمت کی اور اس گند کو صاف کرتے کرتے کئی سال لگ جائیں گے۔ وہ وطن واپس آئیں گے تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔


اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کی بے توقیری میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی تاہم آج براڈ شیٹ کا ڈراپ سین ہوگیا اور نواز شریف کی نیک نامی اور ایمانداری دنیا کے سامنے آگئی جب کہ پوری قوم کےسامنےعمران خان کا جھوٹ سامنے آگیا۔

لیگی رہنما نے براڈ شیٹ کے سربراہ کو بڑا آدمی قرار دیا اور کہا کہ حقائق کو تسلیم کرنا اورغلطی کا اظہار کرنا بڑا پن ہوتا ہے۔غریب عوام کے کروڑوں روپے نفرت کی آگ میں جھونک دیئے گئے اورعمران خان نے بھی اس میں اضافہ کرکے قوم کا پیسہ ضائع کیا۔

شہباز شریف نے بتایا کہ براڈ شیٹ والے یہ کہنے پر مجبور ہوئے کہ سابق صدر پرویز مشرف کی حکومت کے دوران ان کی خدمات لی گئیں اورنیب نے انہیں غلط اطلاعات دیں اور ہوا میں باتیں کی گئیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملکی تاریخ میں آج اہم دن ہے اور برطانیہ کی ایسٹ ریکوری براڈ شیٹ کمپنی کے سربراہ نے غیر مشروط طور پر نواز شریف سے معافی مانگ لی ہے۔ یہ معافی اس لئے مانگ رہے ہیں کہ 20 سال سے نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف باریک بینی سے لوٹ مار کرپشن کی تحقیقات کے نتیجے میں ایک دھیلے کی کرپشن نہیں ڈھونڈ سکے۔