مردان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کی مہنگائی کے خلاف ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ تم جانتے تھے کہ تم نالائق ہو اور وزارت عظمیٰ کے لیے نااہل ہو تو پھرعوام کو جواب دو شیروانی پہننے کی جلدی کیا تھی؟
انہوں نے وزیر اعظم عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہتا ہے کہ نااہل ڈھائی سال تک22 کروڑ عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے کے بعد کہتا ہے کہ مجھے حکومت چلانی نہیں آتی ہے۔
انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمھاری حکومت چلانے کی تیاری نہیں تھی لیکن 122 ارب کا ایل این جی کا ڈاکا ڈالنے کی تمھاری پوری تیاری تھی، تمھاری ایل این جی کو دیر سے درآمد کر کے پاکستانیوں کو مہنگی گیس فراہم کرنے کی پوری تیاری تھی۔ اپنے سیاسی مخالفین کی بہنوں اور بیٹیوں کو جیل میں ڈالنے اور سلاخوں کے پیچھے پھینکنے کی پوری تیاری نہیں تھی لیکن اپنی بہن کو این آر او دینے کی پوری تیاری تھی
ان کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کی تیاری نہیں تھی لیکن جو دوست تم پر خرچ کرتے ہیں انہیں باہر سے لا کر نوکریاں دینے کی پوری تیاری تھی۔
مریم نواز نے کہا کہ اپنے بہنوئی کو پلاٹ کا قبضہ دلانے کے لیے پنجاب میں پوری پولیس انتظامیہ کو معطل کردیا۔ پولیس اصلاحات کی کوئی تیاری نہیں لیکن اپنے بہنوئی کو پلاٹ کا قبضہ دلانے کے لیے پولیس کو ہلادینے کی تمہاری تیاری پوری تھی۔
مریم نواز نے کہا کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کے سلینڈر وقت پر نہ ملنے سے کورونا کے 8 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔ اس شخص کی صحت کی سہولیات دینے کی تیاری نہیں لیکن ادویات کی قیمتوں میں 500 فیصد اضافہ کرنے کی پوری تیاری تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو انصاف فراہم کرنے کی تیاری نہیں تھی لیکن جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف جھوٹا ریفرنس بنانے کی تمھاری تیاری تھی۔
مریم نواز نے اس موقع پر اسٹیبلشمنٹ پر بھی تنقید کرتے ہوئے ایک لطیفہ سنایا جس کا اختتام انہوں نے کچھ یوں کیا۔ تم گاؤ، میں تو اس کو ڈھونڈ رہا ہوں جو تمہیں لے کر آیا
۔