حکومتی وزراء اور ارکان اسمبلی گیس کی قلت پر وزیر توانائی حماد اظہر پر چڑھ دوڑے۔ سینیٹر فیصل واوڈا نے جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں بات چیت کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ کابینہ میں کچھ وزیر حماد اظہر سے بدلے لینا چاہ رہے ہیں۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ انہوں نے وزیراعظم کو مشورہ دیا ہے کہ کابینہ کے جو وزیر حماد اظہر سے بہت زیادہ سوال کر رہے ہیں۔ حماد اظہر کی وزارت ان ہی وزیروں کو دے دی جائے تو انہیں لگ پتہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے حماد اظہر سے غلطی ہوئی جب انہوں نے کہا کہ عوام کو تین ٹائم گیس ملے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے کراچی میں گیس پریشر میں کمی و بحران سے متعلق وزیر اعظم اور وفاقی وزیر حماد اظہر کو خط لکھا۔
راجہ اظہر نے وزیر اعظم اور وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر سے گیس بحران پر نوٹس لینے کی درخواست کی، خط کے متن میں پی ٹی آئی رہنماء راجہ اظہر نے کہا کہ حلقہ پی ایس 97 سمیت شہر کے متعدد علاقوں میں گیس کی سپلائی و قلت شدت اختیار کررہی ہے۔ عوام الناس گیس کی کمی کے باعث شدید پریشان ہیں ۔گیس پریشر سے عام صارفین کے ساتھ ساتھ صنعتی شعبے بھی متاثر ہورہی ہیں۔
گیس بحران کے حوالے سے لوگوں میں شدید غم و غصہ ہے انہوں نے کہا کہ گھروں میں چولہے ٹھنڈے ہوگئے ،جس کے باعث لوگ سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں گیس بحران کے حوالے سے ایس ایس جی سی سربراہ سے بھی ملاقات کی ہے، ملاقات میں گیس کی قلت کے حوالے سے انہیں آگاہ کیا ،وزیراعظم سے گزارش ہے گیس پریشر کے حوالے تکنیکی معاملات پر نوٹس لیا جائے۔کراچی کے عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے عوام کی شکایات دور کیں جائیں۔