پاک، افغان سرحد پر خوارج کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے 6 خوارج کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ژوب میں پاک افغان سرحد پر خوارج کی جانب سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی گئی جسے سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا جبکہ کارروائی کے نتیجے میں 6 خوارج مارے گئے۔
خوارج کے ایک گروپ کی جانب سے دراندازی کی کوشش 22 اور 23 جنوری کی درمیانی شب کی گئی اور سیکیورٹی فورسز نے سمبازہ میں گروپ کی نقل وحرکت کو کامیابی سے روکا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان عبوری افغان حکومت سے موثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنانے کا مطالبہ کرتا رہا ہے اور توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی جبکہ پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں کیلئے افغان سرزمین کے استعمال کو روکا جائے گا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشتگردی ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
گزشتہ چند مہینوں سے پاک افغان بارڈر پر خوارج کی دراندازی کی کوشیں کافی حد بڑھی ہیں جس کے پیش نظر پاک آرمی نے سرحد کی نگرانی سخت کر دی ہے ہر دوسرے دن دراندازی کی کوشش کی جاتی ہے اور مسلح خوارج کی ہلاکت کی خبریں میڈیا کی زینب بنتی ہیں۔