’ڈرتے ہیں نیب والے ایک نہتی لڑکی سے‘ جس پر نیب نے قاتلانہ حملہ کیا: مریم نواز

’ڈرتے ہیں نیب والے ایک نہتی لڑکی سے‘ جس پر نیب نے قاتلانہ حملہ کیا: مریم نواز
قومی احتساب بیورو کی جانب سے نیب لاہور کو ریڈ زون ڈیکلیئر کرنے کی درخواست پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ڈرتے ہیں نیب والے ایک نہتی لڑکی سے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا ہے کہ دوران حراست نیب کےسلوک کی تفصیل اور حساب ابھی باقی ہے۔ اس نہتی لڑکی سے جس پر نیب نے قاتلانہ حملہ کیا۔ ناموں سمیت سب کچھ قوم کے سامنے آئے گا۔

https://twitter.com/MaryamNSharif/status/1374047219310063620

خیال رہے کہ اس سے قبل نیب کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز کی پیشی کے موقع پر حکام سے نیب لاہور کو ریڈزون ڈیکلیئر کرنے کی درخواست کی جارہی ہے۔

ترجمان نیب کے مطابق میڈیا رپورٹس کے مطابق مریم نواز کی پیشی کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ملزمان اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی طرف سے نیب لاہورپر چڑھائی کرنے کا پلان بنایا جارہا ہے۔

ترجمان کے مطابق پتھراؤ کرنے اور نیب کو سرکاری فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔ نیب لاہور قانون کےمطابق تمام آئینی اقدامات کرے گا۔

دوسری جانب مریم نواز کی نیب پیشی سے متعلق ن لیگی رہنماؤں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ رہنما رانا ثنااللہ، کھوکھر برادران اور رانا مبشر کو اہم ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ ملک پرویز، ملک ریاض،علی پرویز ملک، وحید عالم، بلال یاسین،
چودھری شہباز اور باؤ اختر کو بھی ذمہ داریاں دے دی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق خواتین ارکان اسمبلی اور لیگی خواتین کو لانے کی ذمہ داری شائستہ پرویز ملک کے سپرد کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز کی نیب پیشی کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے ن لیگ کا اجلاس بدھ کو طلب کرلیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کریں گی۔

خیال رہے کہ نیب نے نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کو جاتی امرہ اراضی کیس میں طلب کرلیا ہے۔  نیب نے مریم نواز کو 26 مارچ کو طلب کرلیا ہے۔

نیب کے مطابق مریم نواز کوجاتی عمرا  میں 1500 کنال اراضی کی غیرقانونی منتقلی کی تحقیقات کے لیے بلایا گیا ہے۔