پاک فوج کے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک شاہین 2 میزائل کا کامیاب تجربہ

پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین 2 کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق، تجربے کا مقصد فوج کی سٹریٹجک فورس کمانڈ کی عملی تیاری کو یقینی بنانا ہے۔

آئی ایس پی آرکے ڈائریکٹر جنرل لیفٹننٹ جنرل آصف غفور نے ٹویٹر پر شاہین 2 کے کامیاب تجربے کے بارے میں عوام کو آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات جاری کی ہیں اور کہا ہے کہ شاہین 2 میزائل روایتی اور جوہری دونوں اقسام کے ہتھیاروں کو 15 سو کلومیٹر سے زائد کی رینج تک لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔



شاہین 2 کے باعث خطے میں ناصرف دفاعی توازن پیدا ہو گا بلکہ پاکستان کی تذوراتی ضروریات بھی پورا ہوں گی۔

بحیرہ عرب میں کیے جانے والے اس تجربے کا مشاہدہ جنرل سٹریٹیجک پلان ڈویژن، کمانڈر آرمی سٹریٹیجک فورسز کمانڈ، چیئرمین نیسکوم کے علاوہ سٹریٹیجک آرگنائزیشن کے سائنس دانوں اور انجینئرز نے کیا۔

میزائل شاہین 2 کے کامیاب تجربے پر جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز سربراہان نے سائنس دانوں اور انجینئرز کو اس اہم پیش رفت پر مبارک باد پیش کی ہے جب کہ صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے بھی اس کامیابی کو سراہا ہے۔