جنرل باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی توثیق، لیفٹینٹ جنرل ندیم رضا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات

جنرل باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی توثیق، لیفٹینٹ جنرل ندیم رضا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی توثیق کر دی ہے اور لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی بنانے کی منظوری بھی دے دی ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات کر دیا گیا ہے اور ان کی تقرری کا اطلاق 27 نومبر 2019 سے ہوگا۔ ندیم رضا اس ذمہ داری کے بعد جنرل کے عہدے پر ترقی پا گئے ہیں۔

نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ندیم رضا نے سندھ رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا تھا اور انہوں نے وزیرستان میں رجمنٹ کی کمانڈ بھی کی، وہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کمانڈر بھی رہے ہیں۔

جنرل ندیم رضا دسمبر 2016 میں کور کمانڈر راولپنڈی اور اگست 2018 سے جی ایچ کیو میں چیف آف جنرل سٹاف کی اہم ترین ذمہ داری پر فائر ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو ہلال امتیاز ملٹری بھی مل چکا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کی جگہ لیں گے۔

وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے میں یہ بھی لکھا ہے جنرل قمر جاوید باجوہ کی دوسری مدت کے لیے بطور آرمی چیف تقرری کا نوٹیفکیشن 19 اگست کو جاری ہو چکا ہے۔