Get Alerts

ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کی کوشش میں ایک اور کوہ پیما ہلاک

ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کی کوشش میں ایک اور کوہ پیما ہلاک

ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کی کوشش کے دوران امریکی کوہ پیما ڈونلڈ لین ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس سال دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کرنے کی کوشش میں تین  کوہ پیما جان کی بازی ہار چکے ہیں۔


نیپالی دارالحکومت کھٹمنڈو سے موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق 55 سالہ ڈونلڈ لین 8,848  میٹر یا 29,028 فٹ بلند چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ، جسے دنیا کی چھت بھی کہا جاتا ہے، کی بلندی پر پہنچ کر تصویر کھینچ رہے تھے۔ اس مقام پر وہ بے ہوش ہوئے اور گر گئے۔ پائنیر ایڈونچر کے رکن پیسینگ ٹینجے نے  اے ایف پی کو بتایا کہ ان کی ٹیم کے دو شرپاؤں یا گائیڈز  نے انہیں بچانے کی کوشش کی اور جب انہیں چوٹی سے نیچے لایا جا رہا تھا تو وہ  ’ہلیری سٹیپ‘ نامی مقام کے قریب ہلاک ہو گئے۔

 آج کل موسم میں بہتری کی وجہ سے اس پہاڑ پر کوہ پیماؤں کا شدید رش ہے۔ ڈونلڈ لین کی ہلاکت بھی ایک  ایسے وقت میں ہوئی جب  200 کوہ پیما  اس پہاڑ کی دو اطراف سے اسے سر کرنے کے لیے رواں دواں تھے۔ 

حالیہ سیزن میں ماؤنٹ ایورسٹ پر ہلاک ہونے والے کوہ پیماؤں کی تعداد اب تین ہو گئی ہے۔ گزشتہ ہفتے ایک بھارتی کوہ پیما ہلاک ہوئے جبکہ  اس سے قبل  آئرلینڈ کے ایک مہم جو چوٹی پر پھسلنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔

 اگلے چند ہفتوں میں ساڑھے سات سو کوہ پیما اس چوٹی کو سر کرنے کے ارادے سے اپنے سفر کا آغاز کریں گے۔ اس کے علاوہ 140 کوہ پیماؤں کو تبّت میں ایورسٹ کے شمالی حصے پر کوہ پیمائی کرنے کے اجازت نامے دیے گئے ہیں۔

ایورسٹ سمیت ہمالیہ کی کئی چوٹیوں پر اپریل سے مئی کے دوران اچھے موسم کے باعث کوہ پیماؤں کا رش رہتا ہے۔  ایورسٹ کے علاوہ ہمالیہ کی 8000 میٹر بلند چوٹیوں کو سر کرنے کی خواہش کرنے والے چھ کوہ پیما ہلاک ہو چکے ہیں اور دو کوہ پیماؤں کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔