Get Alerts

پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

نائلہ کیانی 8 ہزار میٹر سے بلند 9 چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔ نائلہ اس سے قبل ماؤنٹ ایوریسٹ، کے ٹو، نانگا پربت، جی ون، جی ٹو، اناپورنا، لوٹسے اور براڈ پیک سر کرچکی ہیں۔

پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے ایک بار پھر تاریخ رقم کردی۔ 8 ہزار 163 میٹر بلند مناسلو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں۔

نیپال میں واقع ماؤنٹ مناسلو دنیا کی آٹھویں بلند چوٹی ہے۔ نائلہ کیانی نے گزشتہ شام چھ بجے کیمپ ٹو سے سمٹ کی جانب پیش قدمی شروع کی تھی اور آج صبح سوا سات بجے مناسلو کے ٹاپ پر پہنچیں۔

نائلہ کیانی 8 ہزار میٹر سے بلند 9 چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔ نائلہ اس سے قبل ماؤنٹ ایوریسٹ، کے ٹو، نانگا پربت، جی ون، جی ٹو، اناپورنا، لوٹسے اور براڈ پیک سر کرچکی ہیں۔

نانگا پربت، جی ون، جی ٹو، اناپورنا، لوٹسے اور براڈ پیک کے ٹاپ پر بھی جانے والی نائلہ پہلی پاکستانی خاتون تھیں۔

نائلہ اس سیزن میں چین کی چوایو اور شیشاپنگما بھی سر کریں گی۔ نائلہ کیانی 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنے کا عزم رکھتی ہیں۔

نائلہ کیانی کا تعلق صوبہ پنجاب میں راولپنڈی شہر کے علاقے گجر خان سے ہے۔انہوں نے ایرو سپیس انجینئرنگ کی تعلیم برطانیہ سے حاصل کر کے اپنے اس شعبے میں بھی کام کر رکھا ہے ۔

گزشتہ روز پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف نے دوسری مرتبہ دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی ماؤنٹ مناسلو کو سر کرلیا ہے۔ نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف اس مرتبہ 8163 میٹر بلند چوٹی کی ’ریئل سمٹ‘ پوائنٹ تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ وہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 1 منٹ پر مناسلو ٹاپ پر پہنچے۔

 واضح رہے کہ شہروز کاشف نے 2021 میں پہلی بار ماؤنٹ مناسلو سر کیا تھا، بعد ازاں 2021 میں ہی یہ انکشاف ہوا تھا کہ مناسلو کا ریئل سمٹ پوائنٹ چند میٹر آگے ہے۔ اس انکشاف کے بعد پاکستانی کوہ پیما نے مناسلو کو دوبارہ سر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اگرچہ شہروز کاشف اور ان کے ساتھ سرباز علی کی سمٹ کو قانونی تسلیم کرلیا گیا تھا لیکن دونوں ماونٹینیئرز نے اعلان کیا تھا کہ وہ اصولوں کی پابندی کرتے ہوئے حقیقی سمٹ تک جائیں گے۔

 اس سے پہلے پاکستان کے ساجد سدپارہ نے گزشتہ سال مناسلو کے حقیقی سمٹ کو سر کیا تھا۔

 اس کے ساتھ ساتھ   شہروز کاشف 8 ہزار میٹر سے بلند 12 چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر کوہ پیما بھی ہیں۔ شہروز 17 برس کی عمر میں سطح سمندر سے 26 ہزار 400 فٹ کی بلندی پر واقع پاکستان کی چوتھی بلند ترین چوٹی براڈ پیک بھی سر کر چکے ہیں۔ وہ براڈ پیک پر پاکستانی پرچم لہرانے والے سب سے کم عمر کوہِ پیما بھی ہیں۔