دنیا کی 100 متاثر کن خواتین کی فہرست میں 2 پاکستانی بھی شامل

رواں برس فہرست میں ان خواتین کو بھی نمایاں کیا گیا ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں اور ان کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اپنی کمیونٹیزکی مدد کر رہی ہیں۔

دنیا کی 100 متاثر کن خواتین کی فہرست میں 2 پاکستانی بھی شامل

دنیا بھر کی 100 با اثر اور متاثر کن خواتین کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں 2 پاکستانی خواتین بھی شامل ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی جانب سے منگل کے روز  دنیا کی 100 با اثر اور متاثر کن خواتین کی فہرست جاری کی گئی ہے۔ اس فہرست میں دو پاکستانی خواتین افروز نما اور نیہا منکانی کے نام بھی شامل ہے جنہوں نے اپنی خدمات سے ملک کا نام روشن کیا۔

اس برس جہاں شدید گرمی، جنگل کی آگ، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات سرخیوں میں چھائی رہی ہیں۔ فہرست میں ان خواتین کو بھی نمایاں کیا گیا ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں اور ان کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اپنی کمیونٹیزکی مدد کر رہی ہیں۔

فہرست میں شامل پاکستانی خاتون نیہا منکانی نے گزشتہ سال پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے دوران  متاثرین کی مدد کے لیے متاثرہ علاقوں کا سفر کیا تھا۔ اس دوران اپنے خیراتی ادارے ’ماما بے بی فنڈ‘ کے ذریعے منکانی اور ان کی ٹیم نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بہت اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے 15,000 سے زائد خاندانوں کو لائف سیونگ برتھ کٹس اور دیکھ بھال کی سہولیات فراہم کیں۔

ان کا فلاحی ادارہ ’ماما بے بی فنڈ‘ ساحلی کمیونٹیز میں رہنے والی حاملہ خواتین کو فوری علاج کے لیے قریبی سپتالوں اور کلینک تک لے جانے کیلئے ایک ’کشتی ایمبولینس‘ متعارف کروانے جارہا ہے۔

نیہا منکانی وسائل کے ساتھ سہولیات فراہم کرنے، ہنگامی ردعمل اور آب و ہوا سے متاثرہ کمیونٹیز کیلئے خدمات پیش کرتی ہیں۔

فہرست میں شامل دوسری پاکستانی خاتونافروز نما کا تعلق شمشال وادی سے ہے جو وادی میں تین دہائیوں سے بکریاں چرا رہی ہیں اور اسی آمدنی سے وہ پہلی جوتوں کی مالک خاتون بھی بنیں تھیں۔

رپورٹ کے مطابق شمشال وادی میں جانوروں کو چرانے کا کام سیکھنے کی روایت دم توڑ رہی ہے اور ہر سال چرواہے ریوڑ کو سطح سمندر سے 4 ہزار 800 فٹ بلندی پر چراگاہوں میں لے جاتے ہیں۔ جانور چرانے کے کام سے ہوئی آمدن سے بچوں کو تعلیم کے حصول کا موقع ملا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افروز نما وادی کی پہلی خاتون تھیں جوجوتوں کے جوڑے کی مالک بنی تھیں۔

علاوہ ازیں بی بی سی کی بااثر خواتین کی فہرست میں سابق امریکی خاتونِ اوّل مشیل اوباما، انسانی حقوق کی وکیل امل کلونی، فٹبالر ایتانا ہونماٹی، ٹیمنٹ گیبرو اور گلوریا سٹینم شامل ہیں۔ ہالی ووڈ سٹار امریکا فریرا اور بیوٹیشن موگل ہڈاکٹن بھی شامل ہیں۔