پنجاب کے وزیر فیاض الحسن چوہان کے بیٹے کے نمبر بڑھانے کے معاملے پر انکوائری رپورٹ میں اہم انکشاف، نمبر غیر قانونی طور پر بڑھائے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سامنے آنے والی انکوائری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہیڈ ایگزمینر ایسوسی ایٹ پروفیسر سلیم نے اختیارات سے تجاوز کیا اور فیاض الحسن چوہان کے بیٹے کے نمبر بڑھائے۔ ہیڈ ایگزمینر نے فہد حسن کے فزکس پریکٹیکل کے نمبر 14 سے بڑھا کر 30 کیے تھے۔
بورڈ ذرائع کا کہنا ہےکہ ہیڈ ایگزمینر کے خلاف ضابطے کی کارروائی کے لیے سیکریٹری ہائر ایجوکیشن کو رپورٹ بھیج دی گئی ہے۔
چیئرمین پنڈی بورڈ ڈاکٹر غلام دستگیر نے کہا کہ فیاض الحسن چوہان کے بیٹے کا رزلٹ تاحال جاری نہیں کیا گیا۔ قانونی رائے کے بعد فہد حسن کا نتیجہ جاری کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ فیاض الحسن کے بیٹے نے نجی کالج سے بارہویں جماعت کے پرچے دیے تھے، جس میں فہد حسن نے 769 نمبر حاصل کیے ہیں۔