Get Alerts

پی ٹی آئی کی خواتین رہنماؤں کا مولانا طارق جمیل کی جانب سے ’بے حیا خواتین‘ کو کرونا وائرس کی وجہ قرار دینے پر سخت ردعمل

پی ٹی آئی کی خواتین رہنماؤں کا مولانا طارق جمیل کی جانب سے ’بے حیا خواتین‘ کو کرونا وائرس کی وجہ قرار دینے پر سخت ردعمل
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی خواتین رہنماؤں کی مولانا طارق جمیل کی جانب سے ’ بے حیا خواتین‘ کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ قرار دینے پر سخت تنقید، شیریں مزاری اور ملیکہ بخاری نے مولانا کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی احساس ٹیلی تھون میں شریک مولانا طارق جمیل نے پاکستان میں کرونا وائرس کے پھیلنے کا الزام بے حیا خواتین پر عائد کیا تھا اور کہا تھا کہ ملک میں بے حیا خواتین کی وجہ سے کرونا کی وبا پھیلی۔ انہوں نے کہا تھا کہ بے حیائی کو ختم کر کے اس وبا سے نجات مل سکتی ہے۔

مولانا طارق جمیل کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی خواتین نے ٹویٹر کا سہارا لیا۔ ملیکہ بخاری نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ خواتین کی اخلاقیات کو کبھی بھی اور کسی بھی حال میں عالمی وبا سے نہیں جوڑنا چاہیے۔ 

ملیکہ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ اس طرح کا ربط پیدا کرنا خواتین کے لیے خطرے کا باعث بن سکتا ہے اور اس سے خواتین کے خلاف تشدد کے سلسلے کو مزید ابھار ملے گا اور خواتین کی زندگیاں مزید مشکلات کا شکار ہوں گی۔



دوسری جانب انسانی حقوق کی وزیر شیریں مزاری نے بھی مولانا کہ اس بیان کو آڑے ہاتھوں لیا ہے اور مولانا طارق جمیل کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

شیریں مزاری نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ یہ کہنا مضحکہ خیز ہے کہ کووڈ 19 کی عالمی وبا کو خواتین کے کپڑوں سے جوڑا جائے۔ یہ عالمی وبا سے مکمل لاعلمی اور عورت بیزاری ہے اور یہ مکمل طور پر ناقابل تسلیم ہے۔



سوشل میڈیا صارفین پی ٹی آئی کی خواتین رہنماؤں کی مولانا طارق جمیل کے خلاف ٹویٹس کو سراہا رہے ہیں اور مولانا کے بیان کی مذمت بھی کر رہے ہیں۔