Get Alerts

حکومت کا یوٹیوب چینلز کی رجسٹریشن کرنے اور میڈیا کیٹیگری میں لانے کا فیصلہ

حکومت کا یوٹیوب چینلز کی رجسٹریشن کرنے اور میڈیا کیٹیگری میں لانے کا فیصلہ
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ یوٹیوب چینلز کے مالکان کی رجسٹریشن کے لیے پریس انفارمیشن ڈیارٹمنٹ میں ڈیسک فعال کریں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو کرونا وائرس کے خلاف محاذ میں متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یوٹیوب چینلز حکومت کے ساتھ مل کر وائرس سے متعلق آگاہی اشتہارات نشر کرسکتے ہیں۔ اس امر کی انہوں نے مزید وضاحت کی کہ یوٹیوب چینلز چلانے والے کرونا وائرس کے بارے میں معلومات اور آگاہی پھیلانے کے لیے پاکستان انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کے ساتھ اندراج کرسکتے ہیں۔ پہلے سے فعال یوٹیوب چینلز کے مالکان رجسٹریشن کے لیے پی آئی ڈی سے رابطہ کریں۔

انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد یوٹیوب کے بہتر استعمال سے واقف ہے تاہم انفارمیشن اکیڈی کے ذریعے انہیں بنیادی ٹریننگ بھی دی جائے گی تاکہ وہ اپنے لیے مالی وسائل پیدا کرسکیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یوٹیوب سے متعلق لائن آف ایکشن یا ایس او پیز تیار کریں گے اور یوٹیوب چینلز کو رجسٹرڈ کر کے ان کے مالکان کو میرٹ کی بنیاد پر پی آئی ڈی میں اندراج کر کے کارڈ جاری کریں گے۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے مختصر نوعیت کی ٹریینگ کے ذریعے ان کی صلاحیت کو نکھارا جا سکتا ہے جس سے وہ اپنے مالی وسائل میں اضافہ کرسکتے ہیں۔