مہذب معاشرےمیں مجرم کو شاہانہ انداز سے رخصت نہیں کیا جاتا، فردوس عاشق اعوان

مہذب معاشرےمیں مجرم کو شاہانہ انداز سے رخصت نہیں کیا جاتا، فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج سزایافتہ مجرم دھوم دھام سےجیل واپس جارہےہیں،نوازشریف ملزم نہیں بلکہ مجرم ہے مہذب معاشرےمیں مجرم کوشاہانہ اندازسےرخصت نہیں کیاجاتا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ن لیگ ایسے پروموشن کر رہی ہے جیسےکرپشن کا ورلڈ کپ جیتاہو، نوازشریف کو سب سےبڑی عدالت نےسزا دی، مجرم کااستقبال کرنےکےبجائےانہیں شرمندہ ہوناچاہیے۔

اس سے قبل ایک ٹویٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ اللہ کرے میاں صاحب جیل میں پھر سے بیمار نہ ہوں، امید ہے جاتی عمرہ میں چھ ہفتہ گزارنے سے ان کا ذہنی تناؤ دور ہوگیا ہوگا۔

اس سے قبل ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت پُرامن کارکنان کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش نہ کرے۔ ایک سو چھبیس دن دھرنا، پارلیمنٹ پر حملہ اور پولیس کے سر پھاڑنے والوں کو یہ برداشت نہیں کہ کارکن اپنے قائد کو جیل تک چھوڑآئیں۔ نواز شریف نے تو اُس دھرنے کے ساتھ تعاون کیا تھا جس نے پولیس والوں کے سر پھاڑے تھے۔ نوازشریف کی حکومت نے تو ایک سو چھبیس دن اُس دھرنے کے ساتھ تعاون کیا جس نے اسلام آباد کو لاک ڈاؤن کیا اور ملک کو بند کرنے کی دھمکی دی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اُس دھرنے سے تعاون کیا جس نے منتخب وزیراعظم کو گلے سے گھسیٹ لاؤ کا نعرہ لگایا۔ نواز شریف نے اُس دھرنے سے تعاون کیا جس نے منتخب حکومت کے خلاف سول نافرمانی کی کال دی۔