ملک کے معروف کالم نگار جاوید چوہدری نے اپنے کالم عثمان بزدار سے ایک ملاقات میں وزیر اعلیٰ سے گفتگو منسوب کرتے ہوئے ان کے بارے میں بہت سے انکشاف کیئے ہیں۔ ان انکشافات کے بعد عثمان بزدار کی ایک ایسی شبیہہ سامنے آتی ہے جس میں وہ ایک نہایت سادے، ناتجربہ کار اور غیر تربیت یافتہ سیاستدان نظر آتے ہیں۔ جاوید چوہدری نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ٹیکنالوجی سے نا بلد ہونے کا بھی نقشہ انہی کی زبانی کھینچا ہے۔
وہ لکھتے ہیں کہ عثمان بزدار کے ساتھ ملاقات میں چند دل چسپ باتیں بھی ہوئیں‘ مثلاً بزدار صاحب نے بتایا’’ میں نے زندگی میں کبھی کوکا کولا اور سیون اپ نہیں پی‘ میں فانٹا بھی نہیں پی سکتا‘ میں صرف شیزان پیتا ہوں۔
میں اسمارٹ فون استعمال نہیں کر سکتا‘ میرے پاس عام سا فون ہے‘ میں اس پر بھی صرف فون کرتا یا سنتا ہوں‘ زیادہ سے زیادہ واٹس ایپ کر لیتا ہوں‘ میں فون کو زیادہ نہیں چھیڑتا کیوں کہ مجھے خطرہ ہوتا ہے کہیں غلطی سے میرا ہاتھ دائیں بائیں نہ لگ جائے اور کوئی ایسی چیز نہ کھل جائے جسے میں بند ہی نہ کر سکوں۔
میں نے کبھی آئی فون یا اینڈرائیڈ استعمال نہیں کیا‘ میں انھیں ہاتھ بھی نہیں لگاتا‘‘ یہ ہنس کر بولے ’’مجھے یہ بھی نہیں پتا میرے بچے کس کلاس میں پڑھتے ہیں۔