Get Alerts

سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک مؤخر کر دی

چیف جسٹس  نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ معاملے کو دیکھ رہی ہے۔ بہتر ہو گا پہلے ہائیکورٹ کو اس معاملے پر فیصلہ کرنے دیں۔ ہمارے سسٹم کی یہی خوبصورتی ہے کہ ہر کیس ایک باقاعدہ طریقے کے بعد سپریم کورٹ میں آتا ہے۔

سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک مؤخر کر دی

سپریم کورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف درخواست پر سماعت  آئندہ ہفتے تک مؤخر کر دی۔  

سپریم کورٹ میں توشہ خانہ کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔

سماعت کے آغاز میں  چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ابھی چل رہی ہے۔ اسلام آبادہائیکورٹ کےچیف جسٹس کیس سن رہے ہیں جو قابل تعریف ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی کوششوں کو سراہتا ہوں۔ دیکھیں ہائی کورٹ کیا فیصلہ کرتی ہے۔  اس کا انتظار کریں گے۔ ممکن ہے ہائی کورٹ ریلیف دیدے۔ پہلے ہائی کورٹ کو فیصلہ کرنے دیں۔ اس کے فیصلے کے بعد ہم کیس سنیں گے۔

چیف جسٹس  نے کہا کہ ہمارے سسٹم کی یہی خوبصورتی ہے کہ ہر کیس ایک باقاعدہ طریقے کے بعد سپریم کورٹ میں آتا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے تک کیس کی سماعت ملتوی کر رہے ہیں۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا کہ کیا اٹارنی جنرل آفس سے کوئی آیا؟ آج کے حکم نامے میں چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل میں رہنے کی صورتحال کا پوچھیں گے۔  اٹارنی جنرل سے پوچھیں گے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں کس حال میں رکھا ہے۔ سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں سہولیات سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا ہائیکورٹ کے سامنے تمام نکات پر دلائل دیے ہیں۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا آپ کا یہی شکوہ تھا کہ آپ کو سنا نہیں جا رہا اب آپ کے تمام دلائل سن لیے گئے ہیں۔ہائیکورٹ سے یہی امید رکھیں کہ وہ آپ کے نکات پر فیصلہ دے گی۔

سپریم کورٹ نے درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم تک ملتوی کر دی ۔

  دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی توشہ خانہ کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی ہے۔  الیکشن کمیشن کے وکیل دلائل کل بھی  جاری رکھیں گے ۔