Get Alerts

روس نے یوکرین پر حملہ کر دیا، دارالحکومت کیف میں روس کے دھماکے

روس نے یوکرین پر حملہ کر دیا، دارالحکومت کیف میں روس کے دھماکے
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے یوکرین پر حملے کے اعلان کے بعد دارالحکومت کیف سمیت یوکرین کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔

برطانوی میڈیا روسی صدر نے ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے ڈونباس میں فوجی آپریشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی مداخلت ہوئی تو روس جواب دے گا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف اور ڈونباس ریجن میں دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق یوکرین کی بلیک سی پورٹ اڈیسہ پر دھماکے سنےگئے ہیں جبکہ مشرقی یوکرین کے علاقے ماریوپول بھی دھماکوں سے گونج اٹھا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف اور خرکیف میں ملٹری کمانڈ سینٹرز پر بھی میزائل حملے کیے گئے ہیں جبکہ روسی فوج یوکرین کے علاقے ماریوپول اور اڈیسا میں پہنچ گئی ہے۔

روسی صدر پیوٹن نے یوکرین کی فوج کو اسلحہ ڈالتے ہوئے کہا کہ آپریشن یوکرین کی دھمکیوں کے جواب اور اسلحے سے پاک خطے کے لیے ہے۔

روسی صدر نے متنبہ بھی کیا کہ کسی بھی قسم کا خون خرابہ ہوا تو اس کا ذمہ دار یوکرین ہو گا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روس کے سفیر برائے اقوام متحدہ نے سلامتی کونسل کو مشرقی یوکرین پر روسی حملے سےآگاہ کر دیا ہے۔

روسی سفیر نے بتایا کہ اقوام متحدہ چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت روس کا آپریشن درست ہے۔

یوکرین کے سفیر برائے اقوام متحدہ نے سلامتی کونسل میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ روس نے جنگ کا اعلان کیا ہے، روس کوجنگ سے روکنا سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے۔

روس کے حملے کے بعد یوکرین نے سول فضائی حدود کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا ہے جبکہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہیں، اسٹاک مارکیٹیس میں شدید مندی ہو گئی اور سونے کی قیمت میں یکدم بڑا اضافہ ہو گیا ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین پر روسی حملہ تباہ کن انسانی نقصان کا سبب بنے گا۔
جوبائیڈن نے مزید کہا کہ یوکرین حملے پر دنیا روس کو جوابدہ ٹھہرائے گی، یوکرین پر روسی حملےکے نتائج پر آج قوم سے خطاب کروں گا۔

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادی متحد اور فیصلہ کن انداز میں جواب دیں گے، روسی اقدامات پر مضبوط، متحد ردعمل کے لیے نیٹو سے رابطہ کریں گے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ روسی صدر پیوٹن امن کو موقع دیں، پہلے ہی کئی لوگ مر چکے ہیں۔

اقوا م متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے روسی صدر پیوٹن کے نام پیغام میں کہا ہے کہ روسی صدر انسانیت کے نام پر یوکرین سے روسی فوج واپس بلا لیں، روس یوکرین تنازع اب ختم ہونا چاہیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی چلی آ رہی ہے اور امریکا نے بھی گزشتہ روز کہا تھا کہ روس 48 گھنٹوں میں یوکرین میں بڑا حملہ کر سکتا ہے۔