وزارت اعلیٰ آپ کی، زرداری نے پرویز الٰہی کو گارنٹی دیدی، ن لیگ کو بھی بتا دیا

وزارت اعلیٰ آپ کی، زرداری نے پرویز الٰہی کو گارنٹی دیدی، ن لیگ کو بھی بتا دیا
گذشتہ روز آصف زرداری کیساتھ ہونے والی اہم ملاقات میں آصف زرداری نے پرویز الہیٰ کو گارنٹی دی کہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ آپ کی ہے۔ انہوں نے اس فیصلے کے بارے میں مسلم لیگ ن کی قیادت کو بھی باور کرا دیا ہے۔
یہ بات مزمل سہروردی نے نیا دور ٹی وی کے پروگرام ''خبر سے آگے'' میں گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام تینوں جماعتیں ق لیگ کو وزارت اعلیٰ دینے پر راضی ہو چکی ہیں۔ گذشتہ رات پرویز الہی اور زرداری کی ملاقات میں تمام معاملات طے ہو گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ چودھری پرویز الہیٰ نے زرداری کو اپنا ضامن بناتے ہوئے کہا کہ آپ ہمیں ن لیگ کی گارنٹی دیں کیونکہ ہم آپ کے کہنے پر آ رہے ہیں۔ اس پر آصف زرداری نے ناصرف انھیں گارنٹی دی بلکہ کہا کہ وزارت اعلیٰ آپ کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آج سپیکر اسد قیصر نے اس کے جواب میں مونس الہیٰ کو فون کیا۔ جس کے بعد حکومتی حلقوں سے خبر چلوائی گئی ق لیگ حکومت کیساتھ ہے۔ ملک میں سب اچھا چل رہا ہے۔
تاہم اس کے جواب میں مونس الہیٰ نے ایک ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے کہا کہ گفتگو جاری ہے اور ہم نے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ ہم اپنے وعدوں پر قائم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ مونس الہیٰ کا جھکائو عمران خان کی جانب ہے۔ لیکن پرویز الہیٰ سمیت دیگر ق لیگی قیادت اپوزیشن کی طرف ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی کسی حکومتی شخص کا فون تک نہیں اٹھا رہے ہیں۔
پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وقار ستی کا کہنا تھا کہ حکومتی کیمپ سے یہ بات باہر آئی ہے کہ ہو سکتا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد سے پہلے کوئی نیا بجٹ آ جائے کیونکہ آئین میں یہ چیز درج ہے کہ جب بجٹ پیش ہو جاتا ہے اور اس پر بحث مکمل نہیں ہوتی، اس طرح کی کوئی تحریک پیش نہیں کی جا سکے گی۔ یہ معاملہ اپوزیشن کے دماغ میں ہے، اس لئے اس پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں مزمل سہروردی کا کہنا تھا کہ اکتوبر میں ہونے والے فیصلے کے بعد پاکستان کی سیاست آزاد ہو چکی ہے۔ عمران خان کی سیاست کی بنیاد ہی Divide and rule پر تھی۔ جو تقسیم کرکے اقتدار چلا رہے تھے جب انہوں نے یہ کام کرنا بند کر دیا تو تمام سیاستدان ایک ہو گئے۔