اسلام آ باد،حکومت اور اپوزیشن کی اتفاق رائے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن جنید اکبر خان کو قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین منتخب کردیا گیا۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس اسپیشل سیکریٹری محمد مشتاق کی زیر صدارت ہوا جہاں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور شبلی فرازنے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنید اکبر کا نام چیئرمین کے لیے تجویز کیا۔مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللہ خان اور قاسم نون نے جنید اکبر کے نام کی تائید کی۔
پی ٹی آئی کے ریاض فتیانہ اور مسلم لیگ (ن) کے تمام اراکین نے بھی جنید اکبر کے نام کی تائید کی، جس کے بعد جنید اکبرخان کو بلا مقابلہ چیئرمین پی اے سی منتخب کیا گیا۔
جنید اکبر خان نے کہا کہ تمام اراکین کا شکر گزار ہوں، ہماری خواہش تھی شیخ وقاص اکرم چیئرمین پی اے سی بنیں، 11سال رکن اسمبلی رہا مگر پی اے سی کا تجربہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ساتھی اراکین کے ساتھ بہتر انداز میں ذمہ داریاں نبھانے کی کوشش کروں گا۔
قبل ازیں حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے نام پر اتفاق ہوگیا تھا اور فریقین شیخ وقاص اکرم کے بجائے جنید اکبر کے نام پر متفق ہوگئے تھے۔
چیئرمین پی اے سی کے لیے پی ٹی آئی نے نئے ناموں کا پینل تیار کرلیا جس میں سے تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا نام نکال دیا گیا اور ان کی جگہ عادل بازئی کا نام پینل میں شامل کیا گیا ہے۔
تاہم ذرائع نے چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے حوالے سے بتایا تھا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان جنید اکرم کے نام پر اتفاق ہوگیا ہے۔
اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن کو چیئرمین پی اے سی کے انتخاب کے حوالے سے آگاہ کیا تھا اور پی اے سی کے ممبران کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت جاری کی گئی تھیں۔حتمی مشاورت کے بعد پی اے سی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا جس میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کا انتخاب ہوگا۔