یوسف رضا گیلانی بلا مقابلہ چیئرمین سینیٹ، سیدال خان ناصر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب

یوسف رضا گیلانی نے ایوان سے خطاب میں کہا کہ وہ پارٹی قیادت اور اتحادی جماعتوں کے شکرگزار ہیں۔ سب کی توقعات پر پورا اتروں گا۔

یوسف رضا گیلانی بلا مقابلہ چیئرمین سینیٹ، سیدال خان ناصر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب

سینیٹ اجلاس میں یوسف رضا گیلانی بلامقابلہ چیئرمین سینیٹ اور سیدال خان ناصر بلامقابلہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے۔ سینیٹ کے نو منتخب اراکین نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا جبکہ پریزائیڈنگ افسر اسحق ڈار نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ان سے عہدے کا حلف لیا۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس جاری ہے۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ایوان سے خطاب میں کہا کہ وہ پارٹی قیادت اور اتحادی جماعتوں کے شکرگزار ہیں۔ سب کی توقعات پر پورا اتروں گا۔ سپریم کورٹ نے قائد عوام کے جوڈیشل مرڈر کا اعتراف کیا۔ بھٹو کے جوڈیشل مرڈر کی بات کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ آبدیدہ ہو گئے اور ان کی آواز بھر آئی۔

قبل ازیں صدر آصف علی زرداری کا طلب کردہ سینیٹ اجلاس پریزائیڈنگ افسر اسحق ڈار کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں نو منتخب سینیٹرز نے حلف اٹھایا۔

نومنتخب 41 سینیٹرز نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد رول آف ممبر پر دستخط کیے۔

2 منتخب سینیٹرز نے اپنے عہدے کا حلف نہیں اٹھایا۔فیصل واوڈا اور مولانا عبد الواسع حلف نہ اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔

سینیٹ میں نئے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا وقت ختم ہونے پر یوسف گیلانی بلا مقابلہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے۔

یوسف رضا گیلانی کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے۔

اس کے علاوہ سیدال خان ناصر بھی بلامقابلہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے بھی کاغذات نامزدگی کسی دوسرے امیدوار نے جمع نہیں کروائے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

سینیٹ سیکریٹریٹ نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے بلا مقابلہ کامیابی کا رزلٹ تیار کر لیا ہے جبکہ سینیٹ سیکریٹریٹ نے آزاد سینیٹرز کو حکومت اور اپوزیشن بینچوں میں بیٹھے سے متعلق مراسلہ تیار کرلیا ہے۔ اراکین کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے لیے بھی نام مانگے گئے ہیں۔

دوسری جانب سینیٹ اجلاس کا آغاز ہوتے ہی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سینیٹرز  کی جانب سے نعرے بازی اور احتجاج کیا گیا۔  پی ٹی آئی کے ترجمان علی ظفر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب تک  خیبر پختونخوا  کے سینیٹرز نہیں آجاتے اس اجلاس کو ملتوی کیا جائے۔

پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا ہے کہ وفاق کی تمام اکائیوں کی نمائندگی کے بغیر چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب غیر آئینی ہے۔ نامکمل الیکٹورل کالج کے ساتھ غیر منتخب افراد کو منتخب اور ایوان بالا کی توہین برداشت نہیں کریں گے۔ نامکمل ایوان کی صورت میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب جمہوری اقدار کا قتل ہے۔