Get Alerts

شہری کو برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنانے والے خیبر پختونخوا پولیس کے تین اہلکار گرفتار

شہری کو برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنانے والے خیبر پختونخوا پولیس کے تین اہلکار گرفتار
خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں شہری کو برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنانے کے معاملے میں تین پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

چند روز قبل عامر نامی شہری کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں اس نے پولیس اہلکاروں کے بارے میں نازیبا گفتگو کی تھی۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تھانہ تہکال کی پولیس نے اسے حراست میں لیا اور پھر اس کی برہنہ ویڈیو سامنے آئی۔



ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر پشاور پولیس کو تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا اور بدھ کو پولیس حکام نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس انسپکٹر اور اہلکاروں کو معطل کر کے انھیں گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس پشاور ظہور بابر آفریدی نے تھانہ تہکال کے ایس ایچ او کے علاوہ مبینہ طور پر اس واقعے میں ملوث ایک اے ایس آئی اور دو کانسٹیبلوں کو بھی معطل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اے ایس آئی اور دونوں کانسٹیبلز کے خلاف مقدمہ درج کر کے انھیں گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔