بی آر ٹی کے بعد لاہور میٹرو بس میں بھی آگ بھڑک اٹھی

بی آر ٹی کے بعد لاہور میٹرو بس میں بھی آگ بھڑک اٹھی
لاہور کے یادگار میٹرو اسٹیشن کے قریب میٹرو بس میں آتشزدگی سے بس جل کر خاکستر ہو گئی۔ریسکیو حکام کے مطابق میٹرو بس میں آگ وائرنگ شارٹ ہونے کے باعث لگی،آگ لگنے کے بعد میٹرو بس اتھارٹی کا عملہ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گیا جب کہ بس سروس تعطل کا شکار ہو گئی۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بھجانے میں مصروف ہے۔

آگ لگنے کی وجہ سے بس جل کر خاکستر ہو گئی۔حادثے کے نتیجے میں کسی مسافر کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ملیں۔تباہ شدہ بس کو کرین کی مدد سے ٹریک سے اٹھا کر میٹرو بس سروس ورکشاپ میں منتقل کر دیا گیا۔واقعے کے بعد میٹرو بس اتھارٹی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات مکمل کی جائیں گی اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ میٹرو بس ٹریک پر چند ہی روز میں تیسرا تشویش ناک واقعہ ہے۔ اس سے قبل 18 جون 2021ء کو بھی لاہور میٹرو بس میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔ آگ لگنے کے بعد مسافروں کو ہنگامی طور پر بس سے اتار لیا گیا، جبکہ آگ بجھانے کیلئے فائر بریگیڈ عملے کو طلب کیا گیا تھا۔ کچھ روز قبل میٹرو بس ایک کار سے بھی ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں کار سوار زخمی جبکہ میٹرو بس کو نقصان پہنچا تھا۔

جبکہ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کا سب سے پہلا ماس ٹرانزٹ منصوبہ لاہور میٹرو بس ان دنوں بدترین حالت کا شکار ہو چکا۔ بتایا گیا ہے کہ کئی میٹرو بسیں مستقل طور پر ناکارہ ہو چکی ہیں جن کی مرمت کرنے کی بجائے انہیں کھڑا کر دیا گیا ہے۔جبکہ شدید گرمی کے موسم میں بسوں کے اے سی بھی کام کرنا چھوڑ گئے تھے۔ جس کی وجہ سے مسافروں کی بسوں میں سفر کرنا انتہائی مشکل ہو چکا تھا۔

اس سے قبل بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) پشاور کی بسوں میں آگ لگنے کے پے در پے واقعات پیش آئے تھے۔  بی آر ٹی منصوبے کے آغاز کو ایک ماہ کا عرصہ ہی گزرا تھا کہ اس عرصے میں بسوں میں آتشزدگی اور خرابی کے کئی واقعات سامنے آئے۔ بی آر ٹی بسوں میں آتشزدگی کے 3 واقعات ہوئے جن میں 3 بسوں میں آتشزدگی جب کہ 2 بسیں خراب ہوئی ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر 5 بسیں اِس وقت متاثر ہیں۔