گلگت بلتستان میں کارکنوں پر تشدد: پیپلز پارٹی نے وفاقی وزرا کو شامل کرکے تحقیقات کا مطالبہ کردیا

گلگت بلتستان میں کارکنوں پر تشدد: پیپلز پارٹی نے وفاقی وزرا کو شامل کرکے تحقیقات کا مطالبہ کردیا
گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں پر تشدد کا معاملہ، پیپلزپارٹی نے کارکنان پر تشدد کے معاملےکی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ پیپلزپارٹی کا وفاقی وزراء کو بھی تحقیقات میں شامل کرنے کا مطالبہ۔ اس حوالے سے رہنما پیپلز پارٹی نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والے پارٹی کارکنان پر تشدد قابل مذمت عمل ہے۔ پارٹی کارکنان پر تشدد وفاقی وزراء کی ایماء پر کیا گیا ہے۔ وفاقی وزراء نے نفرت انگیز تقاریر کر کے لوگوں کو تشدد پر اکسایا۔



 

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء مسلسل سرکاری وسائل استعمال کر کے انتظامیہ پر اثرانداز بھی ہوتے رہے۔ انتظامیہ واضح طور پر وفاق کا دباؤ لیتے ہوئے وفاق کے سامنے بے بس اور لاچار نظر آئی۔ احتجاج کا بنیادی حق استعمال کرنے والے کارکنان پر تشدد کی تحقیقات ناگزیر ہے۔ معاملے کا مقدمہ درج کر کے وفاقی وزراء کو تحقیقات میں شامل کیا جائے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے کارکنان نے دیامیر، نگر، گلگت سمیت دیگر علاقوں میں ٹائر جلا کر احتجاج بھی کیا ہے۔