Get Alerts

نوازشریف کے مسوڑوں سے خون آنے کی وجہ سامنے آ گئی

نوازشریف کے مسوڑوں سے خون آنے کی وجہ سامنے آ گئی
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور میں سروسز ہسپتال کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے نوازشریف کے مسوڑوں سے خون آنے کی وجہ بتا دی ہے۔

سروسز ہسپتال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف نے علاج اور طبی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، ان کے حوالے سے ہمارے دل میں کوئی میل نہیں، میری ہمدردیاں میاں صاحب کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پلیٹلیٹس کم ہونے کی کئی وجوہات ہیں اور وہ اچانک بھی کم ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔ لہٰذا رپورٹ آنے پر مرض کی تشخیص ہو گی۔

صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی موجودگی میں وزیر اعظم کی جانب سے نوازشریف کی عیادت کی ہے، وزیر اعظم کا نیک تمناؤں کا بیان بھی پہنچا دیا ہے۔

یاسمین راشد نے انکشاف کیا کہ نوازشریف کے مسوڑوں سے خون کی وجہ ٹوتھ برش تھا انہیں شیو اور برش کرنے سے منع کیا گیا ہے۔

دوسری جانب نواز شریف کا علاج کرنے والے میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر محمود ایاز نے بتایا ہے کہ نواز شریف کے مرض کی ابتدائی طور پر تشخیص کر لی گئی ہے۔

پروفیسر محمود ایاز کے مطابق نواز شریف کی تلی کے بے ترتیب کام کرنے سے پلیٹلیٹس ٹوٹ رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کو ایک دوا شروع کرا دی گئی ہے جب کہ دوسری دوا پورے جسم کے اسکین کے بعد شروع کرائی جائے گے۔

ڈاکٹر محمود ایاز نے کہا امید ہے تین سے چار روز میں نواز شریف کی طبعیت میں بہتری آئے گی۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف چوہدری شوگر مل کیس میں نیب کی حراست میں ہیں جب کہ احتساب عدالت کی جانب سے انہیں العزیزیہ ریفرنس میں7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔