اپنی ذاتی زندگی کے باعث میڈیا کی خبروں میں رہنے والی امریکی گلوکارہ ملی سائرس کے اب امریکی خاتون بلاگر کیتھلین کارٹر سے تعلقات کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ انہیں ایک دوسرے کے ساتھ رومانس کرتے بھی دیکھا گیا ہے۔
حال ہی میں گلوکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی۔ گلوکارہ نے ویڈیو میں انکشاف کیا کہ وہ ہم جنس پرستی کی جانب صرف اس لیے راغب ہوئیں کیوں کہ انہیں ایسا محسوس ہوتا تھا کہ سارے مرد برے ہوتے ہیں۔
خیال رہے کہ 26 سالہ مائلی سائرس نے دسمبر 2018 میں ہولی وڈ اداکار لیام ہیمس ورتھ سے خفیہ شادی کی تھی تاہم صرف 8 ماہ بعد ہی ان دونوں نے علیحدگی کا اعلان کر دیا تھا۔
پہلے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ اداکارہ نے اپنی شادی شدہ زندگی کو موقع دینے کی کوشش کی تاہم لیام کی نشہ کرنے کی عادت نے انہیں یہ رشتہ ختم کرنے پر مجبور کیا۔
تاہم بعد ازاں اداکار کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ ان دونوں کے درمیان علیحدگی کی وجہ مائلی کا امریکی خاتون بلاگر کیتھلن کارٹر کے ساتھ افیئر تھا۔
ان خبروں کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں نے مائلی سائرس کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔