ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی 'تسنیم' نے کہا ہے کہ ایران اور روس کے مابین ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے مطابق روس ایران سے گیس پر چلنے والی 40 ٹربائنیں درآمد کرے گا۔ نیوز ایجنسی کے مطابق ایران گیس کے بزنس میں استعمال ہونے والا 85 فیصد سامان اپنے ملک میں تیار کرنے میں خود کفیل ہو چکا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایران روس کو جنگی ڈرون سپلائی کر چکا ہے۔ مغربی میڈیا کے مطابق روس یہ ڈرون یوکرین کے خلاف جنگ میں استعمال کر رہا ہے۔ نیوز ایجنسی رائٹرز کے مطابق 6 اکتوبر 2022 کو روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایرانی اور روسی حکام کے مابین ایک معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت ایران روس کو مزید جنگی ڈرون اور میزائل مہیا کرے گا۔
ایران کے دفاعی امور کے تجزیہ کار پروفیسر مرندی کے مطابق پہلے مغربی ممالک کا کہنا تھا کہ کوئی ملک ایران کو جنگی سامان نہ بیچے جبکہ اب مغربی ممالک کا مطالبہ ہے کہ کوئی ملک ایران سے جنگی سامان نہ خریدے۔