Get Alerts

رؤف کلاسرا اور عامر متین کا پروگرام اچانک بند، وجہ سامنے آگئی

رؤف کلاسرا اور عامر متین کا پروگرام اچانک بند، وجہ سامنے آگئی
آپ نیوز پر معروف صحافی رﺅف کلاسرا اور عامر متین کا پروگرام اچانک بند کردیا گیا، رؤف کلاسرا نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اپنے مداحوں کو انتظامیہ کے ہنگامی فیصلے سے آگاہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق آپ نیوز کی انتظامیہ نے معروف صحافی رؤف کلاسرا اور عامر متین کے پروگرام " آپ کے مقابل" کو اچانک بند کر دیا ہے۔ رﺅف کلاسرا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے مداحوں کو آپ نیوز کی انتظامیہ کے اس ہنگامی فیصلے سے آگاہ کیا۔



رؤف کلاسرا نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ آپ نیوز انتظامیہ نے ہمیں باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ ہمارا پروگرام ’ آپ کے مقابل‘ فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے اور آج رات کوئی شو نہیں ہوگا۔



رﺅف کلاسرا نے اپنے ناظرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پیارے ناظرین آپ کے بھروسے اور زبردست رد عمل کا شکریہ۔

تاہم رؤف کلاسرہ نے پروگرام بند ہونے کی کوئی وجہ نہیں بتائی اور نا ہی چینل کی انتظامیہ کی جانب سے پروگرام بند کرنے کی کوئی وجہ بتائی گئی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ 21 ستمبر کو عامر متین اور وزیر توانائی عمر ایوب خان میں ٹویٹر پر لفظی جنگ ہوئی تھی۔ عامر متین کی جانب سے کی گئی ٹویٹس میں یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ عمر ایوب کی جانب سے انہیں نوکری سے نکلوانے کی دھمکی دی گئی ہے۔



سماجی رابطوں کے صارفین ان خدشات کا اظہار کر رہے ہیں کہ ممکنا طور پر پروگرام کی بندش ٹویٹر پر عامر متین اور وفاقی وزیر کے درمیان ہونے والی لڑائی کا ہی رد عمل ہے۔



خیال رہے کہ رؤف کلاسرا اور عامر متین آپ نیوز پر پروگرام کرنے سے پہلے 92 نیوز پر مقابل کے نام سے پروگرام کرتے تھے۔