محسن نقوی کا اولڈ ایج ہوم اور چلڈرن ہسپتال کا دورہ

محسن نقوی کا اولڈ ایج ہوم اور چلڈرن ہسپتال کا دورہ
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سوشل ویلفیئر کمپلیکس ٹاؤن شپ میں بے سہارا بزرگوں کیلئے قائم ادارے ”عافیت اولڈ ایج ہوم“ کا دورہ کیا اور بزرگوں میں عید کے لیے تحائف تقسیم کیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اپنوں کی بے اعتنائی کا شکار بزرگوں کی دل جوئی کے لئے اولڈ ایج ہوم کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے بزرگوں کے ساتھ وقت گزارا۔ عید کی مبارکباد اور تحائف دیئے۔

محسن نقوی 'عافیت' میں مقیم تمام بزرگوں کے کمروں میں گئے اور سب سے فرداً فرداً ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے بزرگ مرد و خواتین سے 'عافیت' میں فراہم کردہ سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ محسن نقوی نے بزرگوں سے ان کے مسائل پوچھے۔ بزرگ مرد و خواتین نے 'عافیت' میں کھانے کے معیار اور دیگر سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

بزرگوں کا کہنا تھا کہ عافیت میں کھانے کا معیار اور دیگر سہولتیں بہت اچھی ہیں۔یہاں موجود سہولتوں کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتے لیکن بدقسمتی سے ہمارے خون کے رشتے سفید ہو گئے ہیں۔ اب پرایا خون اپنا لگتا ہے۔

محسن نقوی نے بزرگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میں آپ کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے آیا ہوں۔ آپ جیسے بزرگوں کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے'عافیت' میں مقیم تمام بزرگوں کی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن کرانے کا حکم دیا اور بزرگوں کا باقاعدگی سے میڈیکل چیک اپ کرانے کی بھی ہدایت کی۔

نگران اعلیٰ محسن نقوی نے 'عافیت' میں مقیم سابق کالم نگار اطہر ضمیر سے بھی ملاقات کی۔ محسن نقوی نے اطہر ضمیر کو ان کے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

بعدازاں محسن نقوی نے بزرگوں کے ڈائننگ روم  کا بھی معائنہ کیا. وزیراعلیٰ نے بزرگوں کے کمروں میں سپرے کرانے کی ہدایت کی اور اس ضمن میں صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر اور ڈی جی پی آر روبینہ افضل کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔

صوبائی وزراء اظفر علی ناصر، عامر میر، ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر، ڈی جی پی آر اور محکمہ سماجی بہبود کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

علاوہ ازیں نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر بھی ہمراہ تھے۔

محسن نقوی ایک بچی کی ڈیڈ باڈی کے پاس کھڑے لواحقین پاس رکے اور معاملے کے بارے استفسار کیا۔

لواحقین نے بتایا کہ ہماری بچی کنزا فاطمہ کو قریبی رشتہ دار نے زہر دیا ہے۔ بچی کا پوسٹ مارٹم کرانا  چاہتے ہیں۔

محسن نقوی کا لواحقین کی درخواست پر متوفیہ بچی کا پوسٹ مارٹم کرانے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔محسن نقوی نے لواحقین کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

محسن نقوی نے ایمرجنسی وارڈ کا بھی دورہ کیا اور بچوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

ایمرجنسی میں مریض بچوں کی تعداد معمول سے دوگنا زیادہ تھی جبکہ ڈاکٹرز علاج معالجے میں مصروف تھے۔ محسن نقوی نے ڈاکٹرز کی فرض شناسی اور کام سے لگن کے جذبے کو سراہا۔

محسن نقوی نے زیر علاج بچوں کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

محسن نقوی نے بچوں کے والدین سے ہسپتال میں میسر طبی سہولتوں کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی کی ڈاکٹرز کو بچوں کے بہترین علاج معالجے کی ہدایت کی۔

محسن نقوی نے ہسپتال کے احاطے میں بیٹھے مرد و خواتین سے بھی مسائل پوچھے۔

اس موقع پر وزیر اعلٰی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چلڈرن ہسپتال میں رش کے باعث ایمرجنسی میں توسیع کی جا رہی ہے۔جلد نئے بیڈز کا اضافہ کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ بچے ہمارا روشن مستقبل ہیں۔ انہیں معیاری علاج معالجے کی سہولتیں دینا ہماری ذمہ داری ہے۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔