Get Alerts

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دوسری بار گواہی دی کہ نیازی حکومت کرپٹ اور چور ہے، شہباز شریف

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دوسری بار گواہی دی کہ نیازی حکومت کرپٹ اور چور ہے، شہباز شریف
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دوسری بار گواہی دی کہ عمران نیازی حکومت کرپٹ اور چور ہے، عالمی ادارے کی رپورٹ فرد جرم ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کرپشن کرپشن کا شور مچانے والوں کی ہر روز چوریاں پکڑی جا رہی ہیں۔ لہٰذا کرپٹ حکمران استعفیٰ دیں کیونکہ ملک ان کی لوٹ مار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی وزارت عظمیٰ میں پاکستان کرپشن میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ دنیا کہہ رہی ہے کہ وزیراعظم چور ہے۔ کرپشن کے عالمی انڈیکس میں پاکستان کا 16 درجے مزید نیچے جانا افسوسناک ہے۔ دکھ ہے کہ عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی ایمان دار اور اہل قیادت میں پاکستان میں کرپشن میں کمی آئی تھی۔ ہماری گڈ گورننس، شفافیت اور اصلاحات سیکرپشن انڈیکس میں رینکنگ 23 درجے بہتر ہوئی تھی۔ افسوس موجودہ کرپٹ ٹولے نے ساری محنت ضائع کر دی۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں پاکستان کی رینکنگ بہتر ہو کر 117 پر آ گئی تھی اور رینکنگ بہتر ہونے سے عالمی سطح پر پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا تھا۔ اب ہر شعبے میں کرپشن ہوگی تو پاکستان کرپشن انڈیکس میں 124 سے 140 پر کیوں نہیں جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسروں پر بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو عالمی ادارے چور اور کرپٹ قرار دے رہے ہیں۔ 2019ء سے 2021ء تک ہر سال پی ٹی آئی کے دور میں پاکستان میں کرپشن بڑھی جبکہ ہمارے دور میں ہر سال کرپشن میں کمی واقع ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم اور اس کی ٹیم ایماندار ہو تو اس کا اثر نیچے نظر آتا ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ اس امر کا واضح ثبوت ہے۔ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ پاکستان کرپشن میں 14 ممالک سے نیچے چلا گیا ہو۔