Get Alerts

چوہدری برادارن پر منی لانڈرنگ کرنے اور غیرقانونی اثاثے بنانے کا الزام

چوہدری برادارن پر منی لانڈرنگ کرنے اور غیرقانونی اثاثے بنانے کا الزام
قومی احتساب بیورو نے پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنماؤں چوہدری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی پر منی لانڈرنگ کرنے اور غیرقانونی اثاثے بنانے کا الزام لگایا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق نیب نے چوہدری برادران کے خلاف 20 برس پرانی 3 انکوائریز کے خلاف دائر ان کی مشترکہ درخواست کے سلسلے میں لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں یہ بات بتائی۔ قومی احتساب بیورو نے کہا کہ اب تک کی گئی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ چوہدری شجاعت حسین اور ان کے اہلخانہ کی دولت 1985 سے 2018 کے درمیان بڑھ کر 2 ارب 55 کروڑ روپے ہوگئی۔

علاوہ ازیں 1985 میں ان کی شیئر ہولڈنگ بھی تقریباً 20 لاکھ روپے سے بڑھ کر 50 کروڑ روپے سے زیادہ ہوگئی۔

نیب نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کے اہلخانہ نے بھی 12 کروڑ 30 لاکھ سے زائد کی جائیدادیں حاصل کیں اور ان کے 2 بیٹوں شافع حسین اور سالک حسین نے اپنی ملکیت میں موجود مختلف کمپنیوں کو ڈیڑھ ارب روپے کا قرضہ دیا۔

قومی احتساب بیورو نے اپنے جواب میں کہا کہ 2004 سے چوہدری شجاعت حسین کے بینک اکاؤنٹس میں 58 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد کی غیر ملکی ترسیلات وصول کی گئیں۔

علاوہ ازیں نیب نے بتایا کہ 5 افراد جنہوں نے رقم بھیجی وہ تفتیش میں شامل ہوئے اور انہوں نے ترسیلات زر بھیجنے سے انکار کیا۔

عدالت میں جمع کروائے گئے جواب میں بتایا گیا کہ درخواست گزار اور ان کے اہلخانہ دیگر ممالک سے غیر واضح رقم پاکستان منتقل کرنے کے لیے جعلی شناختوں کا استعمال کرتے تھے۔

رپورٹ میں پرویز الہی سے متعلق کہا گیا کہ درخواست گزار اور ان کے اہلخانہ کی دولت 1985 سے 2018 تک بڑھ کر 4 ارب 6 کروڑ 90 لاکھ روپے ہوگئی اور ان کی شیئرہولڈنگ 1985 سے 2019 تک بڑھ کر 3 ارب روپے ہوگئیں جبکہ ان کے خاندان نے ڈھائی کروڑ روپے کی جائیدادیں بھی حاصل کیں۔

نیب نے الزام لگایا کہ 2004 سے چوہدری پرویز الہی کے اہلخانہ کے بینک اکاؤنٹس میں 97 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد کی غیر ملکی ترسیلات وصول کی گئیں۔ اب تک رقم بھیجنے والے 3 افراد تحقیقات کا حصہ بن گئے ہیں اور سب نے پیسہ بھیجنے سے انکار کیا ہے جس کے تحت یہ ثابت ہوا کہ دیگر ممالک سے پاکستان میں پیسہ لانے کے لیے جعلی شناخت کا استعمال کیا گیا۔

نیب نے کہا کہ درخواست گزاروں کو بارہا طلبی کے نوٹسز جاری کیے گئے تھے تاکہ وہ اثاثوں کے بارے میں اپنا مؤقف پیش کریں لیکن وہ تسلی بخش جوابات پیش کرنے میں ناکام ہوئے۔

چوہدری برادران کی جانب سے اپنی درخواست میں دیے گئے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے نیب نے کہا کہ غیر قانونی اثاثوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی تحقیقات کو متعلقہ اتھارٹی نے کبھی بند کرنے کے لیے منظور نہیں کیا تھا اور قانون کے مطابق سختی سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ دونوں درخواست دہندگان کے خلاف وِل فل ڈیفالٹ کا ایک اور الزام ثابت نہیں ہوسکتا، لہٰذا نیب کی جانب سے اس ضمن میں جاری انکوائری کو 10 جولائی 2017 کو بند کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔

نیب نے عدالت سے میرٹس پر پورا نہ اترنے پر مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کی۔ بعدازاں نیب کے جواب کے رد عمل میں چوہدری برادران کے ترجمان نے کہا کہ نیب کا ادارہ سیاسی انجینئرنگ کے لیے استعمال کیا جارہا ہے اور ان کے خلاف پرانے مقدمات بار بار کھولے اور بند کیے جارہے ہیں۔

ترجمان نے حیرت کا اظہار کیا کہ اگر 20 سال پرانے کیس کی سماعت کرنا کوئی سیاسی انجینئرنگ نہیں ہے تو پھر کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق کے رہنماؤں کے خلاف شکایت کنندہ نامعلوم ہیں اور اس معاملے کو دوبارہ شروع کرنے کی وجوہات کا بھی علم نہیں ہوسکا۔

ترجمان نے دعویٰ کیا کہ نیب نے اپنے جواب میں چوہدری برادران کی اپنی آمدن سے زائد اثاثوں کا انکشاف نہیں کیا۔ نیب کے جواب میں کسی بدعنوانی، کک بیکس، اختیارات کے ناجائز استعمال کا کوئی تذکرہ نہیں ہے۔