وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے یوم تکریم شہداء کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مہذب قومیں اپنے شہداء کوعزت وتکریم سے یاد رکھتی ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے یوم تکریم شہداء کے موقع پر کینٹ میں یاد گار شہداء کا دورہ کیا اور وہاں پر پھول چڑھائے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شہدا ء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیااور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔
محسن نقوی نے شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شہداء کے خاندانوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء قوم کے سرکا تاج اورسرمایہ افتخار ہیں۔ شہداء نے اپنے لہو دے کر وطن کی سرحدوں کا دفاع کیاہے۔ شہدائے وطن، غازیوں اور ان کی فیملیز کی تکریم ہم سب پر واجب ہے۔ یہ ان شہداء کی یاد گار ہے جنہوں نے پاکستان کی طرف اٹھنے والی میلی آنکھ کوپھوڑ دیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس دھرتی کا امن شہیدوں، غازیوں اور ان کی فیملیز کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے۔ ان ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جن کے بیٹوں نے وطن کی محبت میں جان کا نذرانہ پیش کیا۔ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہر موقع پر کھڑے رہیں گے۔ مہذب قومیں اپنے شہداء کوعزت وتکریم سے یاد رکھتی ہیں۔
کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور۔ بریگیڈئر بلال سرفراز اور عسکری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
علاوہ ازیں یوم تکریم شہداءپر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب نے رینجرز ہیڈکوارٹرکابھی دورہ کیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رینجرز ہیڈکوارٹر میں یادگار شہداء پر پھول رکھے اور شہداء کے درجات کے بلندی کیلئے دعا کی۔ پنجاب رینجرز کے چاک و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شہداء کی لازوال قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔محسن نقوی نے پنجاب رینجرز کے جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وطن کی خاطر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہید پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ شہداء کی قربانیوں کو تولا نہیں جا سکتا۔ شہداء کی تکریم ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ پوری قوم آج شہداء کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پنجاب رینجرز بریگیڈئر شہزاد منیر۔ کمشنر لاہورڈویژن۔ سی سی پی او لاہور اور پنجاب رینجرز کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔