نوازشریف کی جعلی ویکسینیشن، شہباز گل نے معاملہ پاکستان کیخلاف سازش قرار دیدیا

نوازشریف کی جعلی ویکسینیشن، شہباز گل نے معاملہ پاکستان کیخلاف سازش قرار دیدیا
وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ نواز شریف کا لاہور میں جعلی کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بننا پاکستان کے خلاف سازش ہے۔

انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مریم نواز نے نوید نامی شخص کو یہ ذمہ داری دی جبکہ ایم پی ایز عمران نذیر اور چوہدری شہباز نے مل کر یہ سازش تیار کی، کورونا ڈیٹا بیس کو بدنام کرنے کیلئے جعلی سرٹیفکیٹ کا ڈرامہ رچایا گیا، ملکی سلامتی کیخلاف سازش کرنے والوں کو جواب دینا پڑے گا۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ جعلی انٹری کروانے والا ایک ملزم عادل رفیق کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں ملازم ہے جسے ایم پی اے چوہدری شہباز نے 2015 میں ہسپتال میں بھرتی کروایا تھا جبکہ ابو الحسن کو 2017 میں بھرتی کروایا گیا جو دونوں تھانہ گجر پورہ میں زیر حراست ہیں اور ایف آئی اے بھی ان سے تحقیقات کرے گی جبکہ تیسرے کیریکٹر نوید کو بھی جلد جرمنی سے واپس لایا جائے گا۔

شہباز گل نے کہا کہ جعلی ویکسینیشن کی خبر سب سے پہلے ن لیگ نے میڈیا کو دی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس معاملہ کوبے نقاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب تحریک انصاف کی بنیاد ڈالی گئی تو اصل نظریہ ہی انصاف کا بول بالا تھا۔ موجودہ حکومت نے توشہ خانہ کا قانون بنا دیا ہے جس کو تحفہ ملے وہ کم از کم 50 فیصد رقم دے کر اسے ایشو کروا سکے گا۔