Get Alerts

نواز شریف اسامہ بن لادن کے سچے پیروکار تھے، فیاض الحسن چوہان کا خواجہ آصف کو مناظرے کا چیلنج

نواز شریف اسامہ بن لادن کے سچے پیروکار تھے، فیاض الحسن چوہان کا خواجہ آصف کو مناظرے کا چیلنج
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کو اسامہ بن لادن کے معاملے پر مناظرے کا چیلنج کر دیا۔

صوبائی وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کو اسامہ بن لادن کے معاملے پر مناظرے کا چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف کی اطلاع کیلئے عرض ہے کہ نواز شریف اسامہ بن لادن کے سچے پیروکار تھے، 1989 میں بینظیر بھٹو کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کیلئے نوازشریف نےاسامہ بن لادن سے 10 ملین ڈالرز لیے، اس رقم سےایم این ایز کی خرید و فروخت کرنا تھی۔

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ عادت سے مجبور ہو کر نواز شریف نے 10 ملین ڈالرز اپنی جیب میں ڈال لیے، اسی وجہ سے بینظیر بھٹو کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد ناکام ہوگئی تھی، بینظیر بھٹو کا انٹرویو میری اس بات کا واضح ثبوت ہے۔

وزیراطلاعات خواجہ آصف وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرنے سے پہلے نواز شریف کے گریبان میں جھانکیں، خواجہ آصف لکشمی چوک پر میرے ساتھ اس معاملے پر مناظرہ کر لیں، اگر نواز شریف کو بمعہ اہل و عیال اسامہ بن لادن کا پیروکار ثابت نہ کرسکا تو سیاست چھوڑ دوں گا، بصورت دیگر خواجہ آصف اسمبلی میں رنگ بازی کرنا چھوڑ کر الفلاح تھیٹر میں جگت بازی شروع کر دیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اسامہ بن لادن کو شہید قرار دیا تھا جس کہ بعد ملک میں ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا، متعدد حلقوں نے اسامہ بن لادن کے حوالے سے عمران خان کے بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔