Get Alerts

سائنس کالج میں جمعیت کارکنان کا طلبہ پر بیہمانہ تشدد، 2 طلبہ کی حالت تشویش ناک

سائنس کالج میں جمعیت کارکنان کا طلبہ پر بیہمانہ تشدد، 2 طلبہ کی حالت تشویش ناک
گورنمنٹ سائنس کالج وحدت روڈ لاہور میں ہنگامہ آرائی، اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنوں کی جانب سے ہاسٹل میں طلبا پر تشدد سے 4 طالب علم شدید زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

تفصیلات  کے مطابق  اسلامی جمیعت طلبہ  کے کارندوں کی جانب سے گورنمنٹ سائنس کالج وحدت روڈ میں ہنگامہ آرائی کی گئی، جمعیت کے کارکنوں نے کالج ہاسٹل میں طلبا پر تشدد  کیا ،ہنگامہ آرائی میں3 طلبا زخمی ہوئے جنہیں  ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ سائنس کالج وحدت روڈکےشعبہ کیمسٹری کا طالبعلم محمد دلاور  کی حالت تشویشناک  ہے جبکہ جمعیت کے تشدد سے ایک طالب علم کا مثانہ پھٹ گیا ہے۔

اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنان ہاسٹل میں اسلحہ لے کر پھرتے رہے ۔ جمعیت کے کارکنوں نے سائنس کالج کےطالبعلم دلاورکو تشدد کا نشانہ بنانے کےبعد ہاسٹل کی چھت سے نیچے گرا دیا۔

اطلاعات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب جمعیت کی جانب سے طلبہ کو کالج ہاسٹل میں یرغمال بنایاگیا، جس کے بعد طلبہ نے سوشل میڈیا پر ویڈیو جاری کر دی جس میں انہوں نے بتایا کہ جمعیت کے کارکنان ان پر تشدد کرتے ہیں اور انہوں نے طلبہ کو یرغمال بنا رکھا ہے، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو جمیعت کے کارکنان نے ویڈیو بنانے والے طلبہ پر تشدد کیا اور طلبہ کو ہاسٹل کی چھت سے نیچے پھینک دیا جس سے طلبہ شدید زخمی ہو ئے۔

انتظامیہ کی جانب سے  سائنس کالج  میں ہونیوالےپرچوں کو منسوخ کر کےکالج 2روز کیلئے بند کر دیا گیا اورسائنس کالج وحدت روڈ کے ہاسٹل کوبھی خالی کرا لیا گیا۔ زخمی طلبا کا کہنا ہے کہ پرنسپل ڈاکٹر تحسین رزاق کی بد انتظامی کےباعث اسلامی جمیعت طلبہ کے کارکنوں  نے تشدد  کا نشانہ بنایا۔

ڈی آ ئی جی آ پریشنز ساجد کیانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی اقبال ٹائون کو ملزموں کے خلا ف کارروائی کرنے کا حکم دے دیا ،پولیس نے طالبعلم نعمان کی مدعیت میں طلبا تنظیم کے خلا ف مقدمہ درج کر کے چھاپے ما رنے شروع کر دئیے۔  دوسری جانب ہاسٹل سپرنٹنڈنٹ عبد المجید نے اپنا موقف دینے سے انکار کیا ہے ۔