لاہور: اقبال ٹاؤن میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کرونا وائرس کا شکار، پولیس نے گھر سیل کر دیا

لاہور: اقبال ٹاؤن میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کرونا وائرس کا شکار، پولیس نے گھر سیل کر دیا
لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن کے عمر بلاک میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق، محکمہ صحت پنجاب کی ٹیم تمام مریضوں کو اپنے ساتھ لے گئی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن کے عمر بلاک میں ایک ہی گھر کے پانچ افراد کرونا وائرس کا شکار ہو گئے، اطلاع ملنے پر محکمہ صحت کی ٹیم پنجاب پولیس کے ہمراہ عمر بلاک کے ہاؤس نمبر 677 پر پہنچی۔ محکمہ صحت پنجاب کی ٹیم نے کرونا وائرس کے شکار مریضوں کو ایمبولینس میں بٹھا کر ہسپتال منتقل کیا اور پولیس نے مذکورہ گھر کو سیل کر دیا۔



واضح رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کرونا وائرس تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔ پاکستان میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 1119 تک جا پہنچی ہے جب کہ 8 افراد وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں کرونا وائرس سے چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان میں بھی ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔