سندھ حکومت کا نوکریوں کے لئے اشتہار: خاکروب کے لئے غیر مسلم ہونا شرط رکھ دی

سندھ حکومت کا نوکریوں کے لئے اشتہار: خاکروب کے لئے غیر مسلم ہونا شرط رکھ دی
حکومت سندھ کے شعبہ لائیو سٹاک اور فشریز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نئی آسامیوں کے لئے مختف اخبارات میں اشتہار دیا گیا ہے۔ یہ آسامیاں گریڈ 1 سے گریڈ 4 کے ملازمین کے لئے ہیں۔ تاہم خاکروب اور صفائی کی ملازمت کے لئے صرف غیر مسلموں کو درخواست دینے کا کہا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک سندھ حید آباد کی جانب سے جاری کردا اس اشتہار میں درجہ اول سے درجہ چہارم کے ملازمین کے لئے نئی آسامیوں کا اعلان  کیا گیا جس کی درخواستیں وصول کرنا شروع کر دی ہیں۔

ان نوکریوں میں ڈرائیور، سٹاک مین، بیلدار، اینیمل اٹنینڈنٹ ، لائیو سٹاک اٹینڈنٹ، نائب قاصد، چوکیدار، سائیس، بل اٹنینڈنٹ ، ایل سی او، واٹر مین، مالی، واچ مین، فشر مین جبکہ خاکروب اور سینٹری ورکر کی نوکریوں کے لئے اشتہار دیا گیا۔

اشتہار کے مطابق درخواست گزاروں کی عمر 18 سے 28 سال تک ہونا ضروری ہے تاہم اشتہار میں کسی بھی پوسٹ لئے کسی خاص مذہب سے تعلق ہونے کا نہیں لکھا گیا ماسوائے خاکروب یا صفائی کے ۔ خاکروب (سویپر یا سینٹری ورکر) کی نوکری کے خانے میں خصوصاً لکھا گیا کہ اس نوکری کے لئے درخواست صرف وہی دے سکتے ہیں جو غیر مسلم ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاک فوج نے ایک اشتہار میں خاکروب کی پوسٹ کیلئے کرسچن ہونے کی شرط لگائی تھی جسے شدید تنقید کے بعد واپس لینا پڑا۔

علاوہ ازیں گزشتہ کئی سالوں سے نوکریوں کے لئے اقلیتوں کے ساتھ اس طرح کے امتیازی سلوک کو سوشل میڈیا پر اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے حوالے سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے لیکن صفائی کی نوکریاں صرف غیر مسلموں تک محدود رکھنے کا یہ عمل اب بھی جاری ہے۔