ڈی سی، ایس پی یا ایس ڈی او: سب کے دفاتر پر تحریک انصاف کی ٹائیگر فورس بطور نگران نافذ ہوگی

ڈی سی، ایس پی یا ایس ڈی او: سب کے دفاتر پر تحریک انصاف کی ٹائیگر فورس بطور نگران نافذ ہوگی
اے پی پی کی خبر کے مطابق  وزیراعظم عمران خان نے پبلک سروسز کی نگرانی اور بہتری کیلئے ٹائیگر فورس کے رضاکاروں سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ٹائیگر فورس ای گورننس پلان پر مشاورت کی گئی ہے۔ ٹائیگر فورس کے نوجوان مقامی سطح پر گورننس کے معاملات کو رپورٹ کر سکیں گے۔

اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور صحت کی سہولیات سے متعلق حکام کو آگاہ کیا جائے گا۔ پناہ گاہوں‘مارکیٹوں‘ تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر سروسز کی فراہمی رپورٹ ہوگی۔ تھانے کچہری ‘لینڈریکارڈ‘بجلی چوری اور عوامی شکایات پر بھی نظر رکھ سکیں گے۔

سروسز کی فراہمی سے انکار یا رشوت ستانی کی کوشش کو رپورٹ کیا جا سکے گا۔ وزیراعظم کو ٹائیگر فورس کی پناگاہوں اور پرائس کنٹرول سے متعلق ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔

وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کی ممبر شپ کالجز اور یونیورسٹیز تک لے جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے عثمان ڈار کو تعلیمی ادارے کھلتے ہی ممبر شپ مہم تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا گورننس سسٹم بہتر کرنے کیلئے نوجوانوں کا تعاون درکار ہے۔ نوجوانوں کو گورننس سسٹم کی بہتری میں کردار ادا کرنے کا موقع دیں گے ۔