Get Alerts

اسپتالوں کے ماسک خریدنے کی وجہ سے قلت ہوئی: ڈپٹی کمشنر اسلام آباد

اسپتالوں کے ماسک خریدنے کی وجہ سے قلت ہوئی: ڈپٹی کمشنر اسلام آباد
اسلام آباد: ملک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے بعد ضلعی انتظامیہ حرکت میں آ گئی ہے۔ جمعرات کو ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد میں واقع تمام فارمیسیوں میں چھاپے مارے۔

ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کے مطابق شہر بھر میں مختلف فارمیسیوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں اور فارمیسیوں میں ماسک کی قیمت اور دستیابی کو بھی چیک کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے سیٹیزن پورٹل پر بھی ماسک کے حوالے سے شکایات کو جانچنا شروع کر دیا ہے۔ اگر کہیں ماسک مہنگے فروخت ہو رہے ہیں تو فوری طور پر انتظامیہ کو آگاہ کریں۔



ڈپٹی کمشنر کے مطابق شہر بھر میں ماسک کے حوالے سے دفعہ 144 پہلے ہی نافذ کر دی گئی ہے اور اسلام آباد میں موجود اسپتالوں نے اپنے ملازمین کے لئے بڑے پیمانے پر ماسک کی خریداری کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں کی جانب سے ماسک خریدنے پر تھوڑی سی شارٹیج ہوئی ہے جسے پورا کیا جا رہا ہے۔ دوسرے شہروں سے ماسک منگانے شروع کر دیے ہیں، متبادل ماسک بھی منگوا رہے ہیں۔