Get Alerts

چیف جسٹس، اس کھلی، ننگی ناانصافی کو کیسے جسٹیفائی کریں گے؟ مریم نواز

چیف جسٹس، اس کھلی، ننگی ناانصافی کو کیسے جسٹیفائی کریں گے؟ مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ غلطی اوراس کی تصحیح دونوں لاڈلے کے حق میں کی گئیں۔

(ن) لیگ کی رہنما مریم نواز نے ٹوئٹر پربیان میں کہا کہ غلطی کی تو لاڈلے کے حق میں اورغلطی کی تصحیح کی تو بھی لاڈلے کے حق میں۔ کیسے جواز پیش کریں گے اس کھلی بلکہ ننگی ناانصافی کا۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ یہ بھی عدالتی قتل ہوا ہے مگر اس بار مقتول عدل اورانصاف ہے۔ یہ کیا کر بیٹھے آپ چیف جسٹس صاحب۔

دوسری جانب سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عدالتی مارشل لاؤں کو کسی صورت قبول نہیں کرینگے، سپریم کورٹ کے تین ججز کے بینچ نے جمہوریت کا عدالتی قتل کیا ہے۔ اعلامیہ جےیوآئی ف کے مطابق صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل میں کہا کہ آج کے تین ججز کے بینچ کے اس فیصلے سے سپریم کورٹ نے جمہوریت کا عدالتی قتل کیا ہے۔

ہم نےکبھی فوجی آمریتوں کو قبول نہیں کیا تو عدالتی مارشل لاؤں کو بھی کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے ٹویٹر پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آئین نے ریاستی اختیار پارلیمنٹ، انتظامیہ اور عدلیہ کو تفویض کئے ہیں۔ آئین نے سب اداروں کو متعین حدود میں کام کرنے کا پابند کیا ہے۔