رانا ثناءاللہ ہوش کے ناحن لیں، سپریم کورٹ کے ججز نے ہی عمران خان کو گھر بھیجا، فواد چوہدری

رانا ثناءاللہ ہوش کے ناحن لیں، سپریم کورٹ کے ججز نے ہی عمران خان کو گھر بھیجا، فواد چوہدری
تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو گرانا کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ اس وقت وفاق وینٹیلٹر پر ہے ہم جب چاہیں اس کا سوئچ کھینچ دیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ رانا ثناءاللہ ہوش کے ناحن لیں، سپریم کورٹ کے ججز نے ہی عمران خان کو گھر بھیجا، ہمیں بھی بہت تحفظات ہیں لیکن یہ عدالت کا فیصلہ ہے جو قبول کر لینا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ن لیگ اب چھوٹی حرکتوں پر اتر آئی ہے، کل پرویز الٰہی کا حلف سرکاری ٹی وی پر نہیں دکھایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ الیکشن کمیشن کے ہوتے ہوئے شفاف الیکشن ممکن نہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پہلے نئے اسپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا نام فائنل ہوگا، اس کے بعد پنجاب کابینہ حلف اٹھائے گی، کچھ دیر قبل پرویز الٰہی اور عمران خان کی ملاقات ہوئی، کل عمران خان لاہور جائیں گے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء ڈاکٹر شیریں مزاری نے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی ویڈیو شیئر کردی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ لو بی بی! ہم تو عوامی مینڈیٹ اور دستور و قانون کی جیت پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے خوشیاں منانے لگے ہیں، تم اب دل کھول کر رو لو ، چیخ لو ، پیٹ لو اور دل کرے تو دیوار میں ٹکریں بھی مار لو ، عوام نوں تے سانوں کی!