Get Alerts

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی اہلیہ سمیت پرویز مشرف کی عیادت

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی اہلیہ سمیت پرویز مشرف کی عیادت
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی اہلیہ نے حال ہی میں دبئی میں بیمار سابق صدر اور آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کی عیادت کی ہے۔

باغی ٹی وی کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی اہلیہ دبئی گئے جہاں انہوں نے سابق آرمی چیف جنرل ر پرویز مشرف سے ملاقات کی.

باغی ٹی وی ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ ان کی اہلیہ اور پاک فوج کے اعلیٰ معالجین بھی تھے جبکہ سابق صدر سابق جنرل پرویز مشرف کے اہل خانہ نے بڑی خوشی سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی اہلیہ کو خوش آمدید کہا۔

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی اہلیہ نے کچھ وقت پرویز مشرف اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ان کے اپارٹمنٹ میں گزارا جبکہ فوجی ڈاکٹروں نے سابق فوجی حکمران کا معائنہ کیا جنہیں 2018 میں متحدہ عرب امارات میں امائلائیڈوسسں نامی جان لیوا بیماری کی تشخیص ہوئی۔

زرائع کے مطابق سابق آرمی چیف جنرل ر پرویز مشرف کے اہلخانہ نے ابھی تک انہیں پاکستان واپس لانے کا ذہن نہیں بنایا ہے۔ اس ہفتے کے شروع میں مذکورہ خاندان نے پاکستان میں مناسب علاج کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے اس امکان کو مسترد کر دیا تھا۔

21 جون کو پرویز مشرف کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اہلخانہ کی جانب سے لکھا گیا کہ اس وقت پاکستان میں پرویز مشرف کے لیے دستیاب طبی وسائل موجود نہیں ہیں۔ اہلخانہ نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ انہیں یقین دلایا گیا تھا کہ پاکستانی حکومت اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ سابق صدر جنرل پرویز مشرف کی ہموار واپسی میں سہولت فراہم کرے گی۔

جلاوطن پرویز مشرف نے اپنی باقی زندگی پاکستان میں گزارنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ ان کے قریبی ساتھیوں نے بعد میں “مقتدر حلقوں” اور سرکاری حکام سے باضابطہ درخواست کرنے کے لیے رابطہ کیا تھا۔